صحت کے شعبہ کی بہتری اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے صوبہ میں ہیلتھ کیئر کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے‘شہبازشریف

منگل 15 ستمبر 2009 17:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔15ستمبر۔2009ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے صوبہ میں ہیلتھ کیئر کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے جو انتظامی و مالی طور پر مکمل خود مختار ہو گا‘ کمیشن کے قیام کے بارے میں مسودے کو جلد حتمی شکل دے کر کابینہ میں منظوری کے لئے پیش کر دیا جائیگا‘عام آدمی کو طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہیلتھ انشورنس کے منصوبے پر بھی تیزی سے عملدرآمد کیا جائے اور اس ضمن میں معروف کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایوان وزیر اعلی میں صوبے میں ہیلتھ کیئر کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سعید الہی ‘ ڈاکٹر اسد اشرف ‘ چیئر مین منصوبہ بندی و ترقیات ‘ سیکرٹری صحت و خزانہ‘ وائس چانسلر یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز اور برطانوی ماہر مائیک نائیلر کے علاوہ متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبہ کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہیلتھ کیئر کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں مختلف بہترین بین الاقوامی ماڈلز کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارشات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے قیام کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور پبلک و پرائیویٹ ہسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی جس سے نہ صرف عوام کو مزید بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی میں مدد ملے گی بلکہ ہسپتالوں کے انتظامی امور بھی بہتر ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن ہسپتالوں کی طبی سہولیات کے فقدان سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے میں بھی معاون و مددگار ثابت ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے رواں مالی سال کے دوران اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں ، پسماندہ و دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں دیہی و بنیادی مراکز صحت میں فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹروں کیلئے خصوصی پیکیج تیار کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے ہیلتھ کیئر کمیشن کی تشکیل کے بارے میں جامع سفارشات مرتب کرنے والی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیشن کے قیام کیلئے جلد از جلد سفارشات مرتب کر لی جائیں تاکہ اسے منظوری کے لئے کابینہ میں پیش کیا جا سکے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہیلتھ انشورنس کے منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا جائے اور اس مقصد کیلئے معروف بین الاقوامی کنسلٹنٹس کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے ۔

قبل ازیں ہیلتھ کیئر کمیشن کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے والے ٹیم لیڈر مائیک نائیلر نے کمیشن کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن کے قیام کا مقصد صحت کے شعبے کی بہتری اور عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی ہے ۔ انہوں نے کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اجلاس کے شرکاء نے بھی کمیشن کے حوالے سے اپنی آراء سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :