بھوک لگنے یا ختم ہونے کا تعلق پیٹ سے نہیں بلکہ دماغ سے ہوتا ہے،طبی ماہرین کاانکشاف

جمعرات 24 ستمبر 2009 15:40

کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 ستمبر ۔2009ء) طبی ماہرین نے دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ دماغ ایک خاص طرح کے فتور کی وجہ سے فرد زیادہ کھانے پر مجبور ہوتا ہے جس میں فرد کا قصورہرگز نہیں ہوتا بلکہ یہ سارا کچھ پہلے سے دماغ میں لکھا جا چکا ہوتا ہے۔ باالفاظ دیگر”دانے دانے پر لکھا ہے، کھانے والے کا نام“ کی مثال اس تحقیق کے تناظر میں درست معلوم ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

یوٹی ولیسٹرن میڈیکل سنٹر میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دماغ کو بھوک لگنے اور ختم ہونے سے متعلق پیغامات بجھوانے والے نظام میں پہلے سے طے شدہ سگنلز کی شدت ہر شخص میں مختلف ہوتی ہے جس کی وجہ سے کوئی فرد جلد ، کوئی دیر سے اور کوئی دونوں کے درمیان وقت میں کھانا کھا کر پیٹ بھرا ہوا محسوس کرتا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ پیٹ بھرنے یا کھانے کی مقدار وغیرہ کا بھوک ختم ہونے سے کوئی تعلق نہیں جبتک دماغ یہ طے نہیں کرے گا کہ بھوک ختم ہو گئی ہے یا نہیں۔ اس تحقیق کو ”کلینکل انویسٹیگیشن“جریدے نے شائع کیا ہے۔