تمام شہروں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرنے اور عوام کو صحتمند ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے‘شہبازشریف

جمعہ 25 ستمبر 2009 17:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔25ستمبر۔2009ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے تمام شہروں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرنے اور عوام کو صحتمند ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں‘متعدد ملکی و غیرملکی کمپنیوں سے بھی بات چیت جاری ہے اور موجودہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام میں بہتری کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں‘انہوں نے صوبہ بھر کے تمام شہروں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کرنے اور فنی مہارت میں اضافے کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو تین ہفتے میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے جامع روڈ میپ مرتب کرکے پیش کریگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں شہروں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرنے اور شہریوں کو صحتمند ماحول کی فراہمی کے حوالے سے اربن یونٹ و محکمہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف سیکرٹری‘ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات‘ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ‘ کمشنر و ڈی سی او لاہور‘ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے‘ ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر اربن یونٹ کے علاوہ متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ شہروں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرنے اور عوام کو صحتمند ماحول کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور اس ضمن میں متعدد کمپنیوں سے بات چیت آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ دور ہ ایران کے دوران وہ مشہد میں صفائی کی صورتحال سے بے حد متاثر ہوئے تھے اور ان کی خواہش ہے کہ پنجاب کے تمام شہروں کو مشہد کی طرح صاف ستھرا بنایاجائے۔

انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر کے شہروں میں صفائی کی صورتحال ابتر ہے اور صوبائی دارلحکومت میں بھی جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر نظر آتے ہیں ۔اگر لاہور کی یہ حالت ہے تو صوبے کے دیگر شہروں کی حالت بھی اس سے مختلف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی لاہور شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور شہریوں کو صحتمند ماحول کی فراہمی کے حوالے سے کارکردگی غیر تسلی بخش ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین کو سالانہ ایک ارب روپے سے زائد تنخواہیں ادا کرنے اور آٹھ ہزار سے زائد سینٹری ورکرز ہونے کے باوجود شہریوں کو غلاظت کے ڈھیروں سے نجات نہیں مل سکی جس کی بڑی وجہ سینٹری ورکرز کی غیر حاضری اور محکمے میں موجود مافیا اور محکمے میں فنی مہارت کا فقدان ہے۔انہوں نے کہاکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے قیام کا مقصد عوام کی خدمت اور انہیں صفائی کی بہتر سہولتوں کی فراہمی ہے اور اسی مقصد کے لئے بھاری اخراجات بھی کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی کمپنیوں سے بات چیت موجودہ نظام کی بہتری کیلئے ہے لیکن موجودہ وسائل میں رہتے ہوئے اپنی صلاحیت و فنی مہارت میں اضافہ اور عوام کوبہتر سہولتوں کی فراہمی محکمہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ وسائل کے ضیاع کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی اور محکمے کواپنی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے تمام شہر کو کوڑا کرکٹ سے پاک کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے اور شہر کے تمام حصوں کو غلاظت سے پاک کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف نے کہا کہ شہروں کو کوڑا کرکٹ سے صاف کرنے اور شہریوں کو صحتمند ماحول کی فراہمی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے ۔انہوں نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں سینئر افسران پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو صوبہ بھر میں تمام شہروں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کرنے ‘موجودہ نظام کی صلاحیت میں اضافے سمیت تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی جامع سفارشات تین ہفتے میں پیش کرے گی۔

قبل ازیں ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نے اجلاس میں محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر اربن یونٹ نے اجلاس میں بتایا کہ مشہدمیونسپلٹی پنجاب کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے دس اہلکاروں کو تربیت دے چکی ہے جبکہ دیگر دس اہلکاروں کو اکتوبر میں تربیت دینے کا پروگرام مرتب کیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ مشہد میونسپلٹی اور پنجاب حکومت میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبہ میں درمیانی و طویل مدتی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :