حکومت انسداد دہشتگردی کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقداما ت اٹھا رہی ہے،زبان کی بنیاد پر کسی کو صوبہ بدر نہیں کیا جاسکتا،وزیر اعلیٰ پنجاب،حکومت کو پاک افواج کیساتھ ملکر تعلیم ،صحت اور دیگر سہولتوں کے ثمرات دہشتگردی سے متاثرہ عوام تک پہنچانا ہونگے

اتوار 27 ستمبر 2009 23:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2009ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انسداد دہشتگردی کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ،صرف زبان کی بنیاد پر کسی کو صوبہ بدر کرنا انتہائی غلط ہوگا اور اس سے امن و عامہ کی صورتحال بھی خراب ہونے کا خدشہ ہے اس سلسلہ میں انتہائی احتیا ط کیساتھ سکریننگ کی ضرورت ہے ،افواج پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بڑا کارنامہ سر انجام دیا اب حکومت کو پاک افواج کیساتھ ملکر تعلیم ،صحت اور دیگر سہولتوں کے ثمرات دہشتگردی سے متاثرہ عوام تک پہنچانا ہونگے،مخیر حضرات مستحق افراد کی امداد کے لئے آگے آئیں حکومت انکی بھرپور معاونت کریگی ۔

وہ گزشتہ روز ٹاؤن شپ میں خواتین اور بچیوں کے لئے تیسرے بلقیس ایدھی ہوم کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر عبد الستار ایدھی اور رکن قومی اسمبلی نصیر بھٹہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ عبد الستار ایدھی کی درخواست پر پنجاب حکومت نے جتنی جلدی ممکن ہو سکا یہ پلاٹ انکے حوالے کیا لیکن مجھے انتہائی خوشی ہے کہ ہم نے جس رفتار سے انہیں پلاٹ دیا انہوں نے ہم سے زیادہ برق رفتاری سے اس کی تعمیر کا کام مکمل کیا جس کے لئے یہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عبد الستار ایدھی نے بوڑھوں اور بچوں کیلئے ایدھی ہوم کی تعمیر کے لئے دو ایکڑ زمین مانگی ہے میری کوشش ہو گی کہ میں انکی یہ خواہش بھی جلد پوری کروں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بھی اس طرح کے کئی منصوبے شروع کئے ہوئے ہے اور ہمارا اس طرح کے اداروں کے تعاون کھلا ہے اور ہم انکی بھرپور معاونت کریں گے ۔ سرحد میں ہونیوالے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور حکومت نے سوات اور مالا کنڈ میں جو کارنامہ سر انجام دیا وہ قابل تحسین ہے ‘اب حکومت کو افواج پاکستان کے ساتھ ملکر ایسے اقدامات کرنا ہونگے کہ تعلیم ‘صحت سمیت دیگر پالیسیوں کے ثمرات قربانیاں دینے والے افراد تک پہنچیں ۔

انہوں نے صوبے میں شناخت نہ رکھنے والے افراد کی رہائش بارے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت انسداد دہشتگردی کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے او راس سلسلہ میں اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں لیکن کسی کو یہ زبان کی بنیاد پر صوبہ بدر کرنا انتہائی غلط ہو گا اوراس سے امن و عامہ کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے ‘اس سلسلہ میں انتہائی احتیاط سے سکریننگ کی ضرورت ہے تاکہ کسی کی دل آزاری نہ ہو ۔

وزیر اعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہیلتھ انشورنس کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات کو بھی یقینی بنایا گیاہے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف نے نوتعمیر شدہ بلقیس ایدھی ہوم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور معیاری تعمیر کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ اس موقع پر بے سہارا بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے بات چیت کی۔

متعلقہ عنوان :