Live Updates

حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور صوبے کے غریب اور پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے عوام ہیں ‘شہبازشریف ،بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگارماحول پیدا کیاگیاہے اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے‘ لارڈنذیر سے گفتگو

جمعہ 2 اکتوبر 2009 18:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر۔2009ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ حکومت کی تمام تر پالیسیوں کا محور صوبے کے غریب اور پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے عوام ہیں اور اربوں روپے کے وسائل غریب عوام کی فلاح و بہبود اوران کی زندگیوں میں بہتری لانے کے منصوبوں پر صرف کئے جارہے ہیں‘ صوبے سے غربت‘ بے روزگاری اور جہالت کے خاتمے اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے‘بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگارماحول پیدا کیاگیاہے اور سرمایہ کاروں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جارہی ہے‘ صنعتکاری کے عمل کوتیز کیاگیاہے اور صوبے میں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیکر روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے برطانوی رکن پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معیاری تعلیم کے فروغ اور عوام کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے- انہوں نے کہاکہ تعلیمی شعبے کی ترقی اور تعلیم عام کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ جہاں مالی مشکلات کے شکار ذہین طلباء و طالبات کی معاونت کے لئے پنجاب ایجوکیشنل انڈونمنٹ فنڈقائم کیاگیاہے وہاں صوبے کے دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے دانش سکولوں کے قیام کے بڑے منصوبے کا آغاز بھی کیاگیاہے-انہوں نے کہا کہ یہ دانش کدے نہ صرف قوم کے معماروں کو زیورتعلیم سے آراستہ کریں گے بلکہ صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہوں گے-انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کوعصر حاضر کے جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لئے صوبے کے چار ہزار سے زائد سکولوں میں 60ہزار کمپیوٹرز کی فراہمی کا منصوبہ بھی جلد مکمل کرلیاجائے گا- انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی بہتری اور عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی پر بھی خطیر وسائل خرچ کئے جارہے ہیں- صوبے کے تمام ہسپتالوں میں نہ صرف ائرکنڈیشنرز نصب کردیئے گئے ہیں بلکہ مریضوں کوادویات بھی مفت فراہم کی جارہی ہیں-انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے دیہی و بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کرکے یہاں ڈاکٹروں‘ پیرامیڈیکل سٹاف ‘ ادویات اور جدید طبی آلات کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے- انہوں نے کہا کہ صوبے کی تیزرفتار ترقی کیلئے انفراسٹرکچرکی بہتری کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور صوبے بھر میں پرانی سڑکوں کی بہتری کیساتھ ساتھ نئی سڑکیں بھی تعمیر کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماہ صیام کے دوران غریب عوام کو آٹا‘ چینی اور دیگراشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کرنے پرملک کی تاریخ کی سب سے بڑی آٹھ ارب روپے کی سبسڈی دی گئی جس سے کروڑوں غریب عوام نے فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بھی غریب عوام کے فلاح و بہبود کے ایسے پروگرام جاری رکھے گی۔برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد نے صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے اقدامات پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :