ملک میں سوائن فلو کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،پارلیمانی سیکرٹری صحت

منگل 6 اکتوبر 2009 13:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اکتوبر ۔2009ء)قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں سوائن فلو کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور عوام کی آگاہی کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے- منگل کو محترمہ یاسمین رحمان‘ ڈاکٹر عذرا افضل پلیجو‘عبدالقادر پٹیل‘ ڈاکٹر طلعت میر اور ڈاکٹر ندیم احسن کی طرف سے پیش کئے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری صحت مہرین رزاق بھٹو نے ایوان کو بتایا کہ یہ بیماری میسیکو میں پگ فارمنگ کے باعث پھیلی ہے تاہم پاکستان میں اس بیماری کے پھیلنے کا کوئی امکان نہیں-وزارت صحت احتیاطی تدابیر اور علاج معالجے کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے- دنیا بھر میں اس بیماری کی ویکسین مارکیٹ میں دستیاب نہیں-وزیراعظم نے وزارت صحت کو ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے جس پر عملد رآمد کو یقینی بنایا جائے گا- انہوں نے ایوان کو بتایا کہ کراچی میں اس وائرس کی موجودگی کا پتہ چلانے کیلئے سکینرز لگانے کا فیصلہ کیا ہے-انہوں نے بتایا کہ وزارت صحت‘ وزارت مذہبی امور کے ساتھ عازمین حج کو احتیاطی تدابیر اور فلو کی ادویات فراہم کرنے کیلئے مکمل رابطے میں ہے- عازمین حج کو ماسک بھی فراہم کئے جائیں گے انہوں نے بتایا کہ سوائن فلو کی ویکسین اس ماہ کے آخر تک مارکیٹ میں آ جائے گی-