پنجاب میں ڈینگو وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 66 ہوگئی،فیصل آباد میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق،راولپنڈی میں47چکوال میں 3بہاولپور 2 جبکہ خوشاب میں ایک مریض ڈینگو بخار میں مبتلا

پیر 6 نومبر 2006 13:35

پنجاب میں ڈینگو وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 66 ہوگئی،فیصل آباد میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر۔2006ء) پنجاب کے پانچ ضلعوں کو متاثر کرنے کے بعد ڈینگو وائرس فیصل آباد پہنچ گیا جہاں ایک وائرس زدہ مریض کی تصدیق ہوگئی ہے اس طرح پنجاب میں ڈینگو وائرس سے متاثرہ رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 66 ہوگئی ہے۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر اسلم چوہدری کے مطابق اس وقت پنجاب میں ڈینگو بخار کے 66 مریض ہیں جن میں سے راولپنڈی میں 47 لاہور میں 12چکوال تین،بہاولپور دو جبکہ خوشاب اور فیصل آباد میں ایک ایک مریض ڈینگو بخار میں مبتلا ہے۔

ادھر محکمہ صحت نے ڈاکٹروں کو بتائے بغیر ہسپتال سے چلے جانے والے ڈینگو بخار کے مریض کی تلاش شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق یہ مریض صحت مند افراد کیلئے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈینگو بخار سیل پنجاب کے انچارج ڈاکٹر حسن کے مطابق آئی بی ایچ لیبارٹری لاہور میں اب تک 158 افراد کے ڈینگو ٹیسٹ ہوچکے ہیں جبکہ حکومت نے لیبارٹری کو اسکریننگ ٹیسٹ کے ساتھ کنفرمیشن ٹیسٹ کی کٹ فراہم کردی ہے ادھر لاہور کی ضلعی حکومت نے ڈینگو وائرس کے خلاف سپرے مہم شروع کررکھی ہے تاہم شہر کے اکثر علاقوں میں سپرے نہ کئے جانے پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا ہے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حکومت کی لاپرواہی اور ناکافی انتظامات کے باعث ڈینگو وائرس دیگر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :