ٹھوس شواہد ملنے پر شوگر ملز مالکان کیخلاف کارروائی کی جائیگی، خالد مرزا ، اعلیٰ عدالت کا فیصلہ کمیشن کے حق میں آنے کے بعد سیمنٹ سیکٹر پر لگایاجانے والا جرمانہ دو سے تین سال میں وصول کیا جائے گا

پیر 19 اکتوبر 2009 18:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2009ء)مسابقتی کمیشن کے چیئرمین خالد مرزا نے کہا ہے کہ سیمنٹ سیکٹر پر جرمانہ کم سے کم لگایا گیا ہے جو اس سے زائدبھی ہوسکتا تھا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ خالد مرزا نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے مسابقتی کمیشن کے خلاف فیصلہ دیا تو کمیشن اسے قبول کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدالت کا فیصلہ کمیشن کے حق میں آنے کے بعد سیمنٹ سیکٹر پر لگایاجانے والا جرمانہ دو سے تین سال میں وصول کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شوگر مل مالکان کے خلاف ٹھوس شواہد ملنے کی صورت میں کاروائی کی جائے گی۔ خالد مرزانے کہا کہ مسابقتی کمیشن نے قیمتوں پر اب تک کام نہیں کیا ہے لیکن اگرکاروباری حضرات مسابقتی قوانین کے خلاف کام کریں گے تو کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیمنٹ سیکٹر پر جرمانے میں کمی مسابقتی کمیشن کے قوانین کی شق نمبر 39 کے تحت کی جاسکتی ہے۔سیمنٹ سیکٹر میں گٹھ جوڑ کے باعث حکومت کو پچھلے پانچ سالوں میں 120 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔