وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی صدر آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان سے ملاقات ،مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، متاثرین زلزلہ ومنگلا ڈیم کی تعمیر نو وآباد کاری ، تعلیم ، صحت ، صاف پانی کی فراہمی ،ہائیڈل پاور ، ٹور ازم اوردیگراہم متعلقہ امور پر تبادلہ خیال

ہفتہ 24 اکتوبر 2009 19:27

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اکتوبر۔2009ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان سے ایوان صدر میں ون ٹو ون ملاقات کی ، انتہائی خوشگوار ماحول میں ہونیوالی اس اہم ملاقات میں مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، متاثرین زلزلہ ومتاثرین منگلا ڈیم کی تعمیر نو وآباد کاری ، تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے سمیت شہری ودیہی آبادیوں میں بنیادی نوعیت کی سہولیات کی یکساں فراہمی اور ہائیڈل پاور ، ٹور ازم اوردیگر قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے زمینی حقائق حکمت عملی ومنصوبہ بندی ترتیب دینے کیلئے متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد کی ابتدائی مشاورتی عمل میں شمولیت کو یقینی بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور باہمی مشاورت سے تمام حل طلب مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زوردیا ، صدر آزاد کشمیر ووزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز پاکستان کے استحکام وسلامتی اور تکمیل پاکستان کی خاطر ہم کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، ہم پہلے پاکستانی اور بعد میں کشمیری ہیں ، پاکستان کیخلاف ہونیوالی اندرونی اور بیرونی سازشیں کرنے والے بری طرح سے رسوا اور ناکام ہونگے ، قابض بھارتی افواج کا ظلم وجبر ہمیں نظریہ الحاق پاکستان اور حصول حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا ، آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا ، جدوجہد آزادی میں نشیب وفراز آتے رہتے ہیں ، ریاست جموں وکشمیر کے عوام بھارتی ہتھکنڈوں سے کبھی بھی مرعوب نہیں ہونگے ۔