ایجنسی ہیڈکوارٹرہسپتالوں میں طبی سہولیات میں اضافے کی ضرورت ہے ،گورنرسرحد

جمعرات 29 اکتوبر 2009 17:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اکتوبر ۔2009ء) صوبہ سرحد کے گورنراویس احمدغنی نے فاٹا میں ایجنسی ہیڈکوارٹرہسپتالوں میں طبی سہولیات میں اضافے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ فاٹا میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا بنیادی مقصد عوام کو ایجنسی کی حدود کے اندر ان سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بناناہے۔ فاٹا میں علاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری سے متعلق ماسٹرپلان پر دی گئی پریزنٹیشن کی صدارت کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ مجوزہ ماسٹرپلان میں فاٹا میں دستیاب طبی سہولتوں کو مزید بہتربنانے کو ترجیح دی جائے۔

جمعرات کے روز گورنرہاؤس میں دی گئی پریزنٹیشن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا حبیب اللہ خان، سیکرٹری برائے گورنرارباب محمد عارف اور ڈپٹی ڈائریکٹرہیلتھ فاٹا ڈاکٹر سراج کے علاوہ محکمہ صحت فاٹا کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ایڈمنسٹریشن اینڈ کوارڈینیشن فاٹا عابد مجید نے مجوزہ ماسٹر پلان میں صحت کے شعبے میں خدمات کی فراہمی کے نظام کی بہتری کیلئے تجویز کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

منصوبے کے تحت فاٹا میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایاجائیگا اور طبی سہولتوں کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کے استعداد کار کو بھی مزید بہتربنایاجائیگا۔ منصوبے میں ایجنسی ہیلتھ انفارمیشن سروس شروع کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ مستقبل کی منصوبہ بندی اور وسائل کی فراہمی کیلئے درکار اعداد وشمار دستیاب ہوسکے۔ اس نظام کی بدولت صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں کی مانیٹرنگ اور فیصلہ سازی میں بھی بڑی حد تک مدد ملے گی۔

منصوبے میں بنیادی صحت مراکز کو مستحکم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ دستیاب سہولتوں اور سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی موجودگی کے حوالے سے ہسپتالوں کی درجہ بندی بھی کی گئی ہے۔گورنر نے منصوبے میں بعض تبدیلیوں کی ہدایت کرتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو مستحکم کرنے اور ان میں دستیاب سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کو ترجیح دی جائے۔

جس کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتالوں اور کمیونٹی ہیلتھ مراکز کو مستحکم کرنے پرتوجہ مرکوز کی جائیگی۔ گورنر نے کہاکہ صحت کے بارے میں فاٹا کیلئے مجوزہ ماسٹرپلان کا بنیادی مقصد قبائیلی عوام کو صحت اور علاج معالجے کی جدید سہولتیں متعلقہ ایجنسی کی حدود کے اندر فراہم کرناہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ہر ایجنسی کے مرکز میں کم از کم ایک ایسا ہسپتال قائم کرناہوگا جو ہر لحاظ سے جدید سہولتوں سے آراستہ ہو۔

گورنر نے ہدایت کی کہ فاٹامیں صحت کے شعبے میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کی جائے اور ان کو فوری طور پر دور کرنے کی کوشش کی جائے۔ گورنر نے کہاکہ جدید ترقیاتی نظریے کی بنیاد شہری سہولتوں میں اضافے پر ہے اور اگر ہمیں فاٹا میں تبدیلی لانی ہے تو جدید ترقیاتی نظریے پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے اجلاس کے دوران کی گئی بحث اور فیصلوں کی روشنی میں ماسٹرپلان میں ضروری ترامیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اسے حتمی شکل دے کر منظوری کیلئے پیش کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :