آپریشن راہ نجات کے دوران 9/11حملوں کے مبینہ منصوبہ سازجرمن نژادسعیدبحجی اورہسپانوی خاتون کے پاسپورٹ برآمد کر لئے گئے،سعید بحجی پر انسانیت کے خلاف جرائم ، صحت سے متعلق سازش اور دہشتگردی جیسے جرائم کا الزام ہے، انٹر پول

جمعرات 29 اکتوبر 2009 20:48

آپریشن راہ نجات کے دوران 9/11حملوں کے مبینہ منصوبہ سازجرمن نژادسعیدبحجی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اکتوبر۔2009ء) پاک فوج نے آپریشن راہ نجات کے دوران نائن الیون حملوں کے مبینہ منصوبہ سازجرمن نژادسعیدبحجی(Said Bahaji) اورایک ہسپانوی خاتون کے پاسپورٹ برآمد کر لئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق پاک فوج نے جنوبی وزیرستان میں جاری آپریشن راہ نجات کے دوران 9/11حملوں کے مبینہ منصوبہ ساز سعیدبحجی اورہسپانوی خاتون کا پاسپورٹ برآمد کر لئے ۔

جرمن نژادسعیدبحجی پر نائن الیون حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام تھا کہ اس نے افغانستان اور جرمنی میں امریکا پر حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی اور نائن الیون کی منصوبہ بندی کے بارے میں افغانستان جا کر اسامہ بن لادن کو آگاہ کیا تھا ۔سعیدبحجی کا نام 2001میں انتہائی مطلوب افراد میں شامل کیا گیا تھا ،سعیدبحجی کے برآمد شدہ پاسپورٹ پر ستمبر کے پہلے ہفتے میں کراچی کی انٹری موجود تھی جبکہ آپریشن کے دوران اسپین کی قومیت رکھنے والی خاتون کا پاسپورٹ بھی برامدہوا ہے ۔

(جاری ہے)

پاسپورٹ کی تفاصیل کے مطابق اسپین کی قومیت رکھنے والی خاتون کا نام پاسپورٹ میں ہرگوس گارشیا درج ہے اور تصویر میں اسکارف پہنے مسلمان لباس میں ملبوس ہے،ہرگوس گارشیا نے 2002میں پاکستان کاویزا حاصل کیا۔پاسپورٹ کے مطابق وہ پاکستان آنے سے پہلے بھارت بھی گئی تھی جبکہ پاسپورٹ میں خاتون کی افغانستان میں بھی آمد ظاہر ہوتی ہے ۔ انٹرنیشنل پولیس (انٹر پول ) کی ویب سائٹ کے مطابق 15 جولائی 1975 ء کو پیدا ہونے والے سعید بحجی پر انسانیت کے خلاف جرائم ، صحت سے متعلق سازش اور دہشتگردی جیسے جرائم کا الزام ہے۔

اس کے خلاف جرمنی اور سپین کی عدالتوں نے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں ۔ انٹر پول کے مطابق وہ چھ فٹ دو انچ کا دراز قد شخص ہے ۔سعید بحجی جرمن زبان بولتا ہے اس کی قومیت جرمن اور مراکشی ظاہر کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :