حکومت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کاروائی جاری رکھے گی‘وزیر صحت سرحد، حکومت پندرہ دن کے اندر اندر دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کو مالی امداد پہنچائیگی،سید ظاہرعلی شاہ کی پشاورمیں پریس کانفرنس

ہفتہ 31 اکتوبر 2009 16:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2009ء) صوبائی وزیر صحت سید ظا ہر علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کاروائی جاری رکھے گی تاکہ آنے والی نسلوں کو خوف میں زندگی گزارنے سے بچایا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روزپشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پشاور مینا بازار میں ہونے والا دھماکہ جانی نقصان کے حوالے سے انتہائی ہولناک تھا تاہم حکومت پندرہ دن کے اندر اندر دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کو انکے گھر کی دہلیز پر مالی امداد پہنچائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے واقعات سے مرعوب ہونے والی نہیں جب تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچ نہیں جاتی ہمار ی حکومت چین سے نہیں بیٹھے گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کو مذید موثر بنانے کے لیئے پشاور میں محلے داری نظام دوبارہ سے شروع کیا جائیگا جسکے تحت غیر متعلقہ افراد پر خصوصی نظر رکھی جائیگی اور شک کی صورت میں محلے دار ایسے افراد کی اطلاع قریبی تھانے کو دیگا ۔

انکا کہنا تھا کہ ریسکیو کا نظام بہتر بنانے کے لیئے وزیر اعلیٰ سرحد جلد اقدامات اٹھائینگے اور جدید ریسکیو آلات ریسکیو عملے کو فراہم کرینگے ۔سید ظاہر علی شاہ نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں نئے ٹراما سنٹر قائم کرنے کے لیئے پی سی ون منظور کیا جاچکا ہے جو کہ دو سال میں مکمل ہوگا جس کیلئے چودہ کروڑ روپے کا فنڈ حکومت مختص کر چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لیڈ ی ریڈ نگ ہسپتال کے انتظامیہ نے جس جا نفشانی سے پشاور بم دھماکے کے زخمیوں کوطبی امداد بروقت پہنچائی وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ۔ہم سب متحد ہوکر ان دہشت گردوں کاخاتمہ یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :