چار سدہ، فاروق اعظم چوک میں خود کش کار بم دھماکہ، 30 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی، دھماکے سے 50 سے زائد دکانیں اور متعدد گاڑیاں تباہ، متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، امدادی کارروائیاں جاری، سکیورٹی کے فول پروف انتظام کیے گئے تھے، دھماکے کے حوالے سے دھمکی آمیز خطوط مل رہے تھے، ڈی پی او، وزیراعظم کی سرحد حکومت کو زخمیوں کومفت طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت، وزیر داخلہ نے آئی جی سرحد سے رپورٹ طلب کر لی ۔ اپ ڈیٹ

منگل 10 نومبر 2009 17:17

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 نومبر ۔2009ء) پشاور سے متصل چار سدہ کے فاروق اعظم چوک کی غفور مارکیٹ میں خود کش کار بم دھماکہ سے30افراد جاں بحق اور60 سے زائد زخمی ہو گئے،دھماکے سے 50 سے زائد دکانیں اور متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور ہر طرف بھگڈر مچ گئی۔ متعدد افراد ملبے کے نیچے دب گئے، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے ً53 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جبکہ11شدید زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

ڈی پی او ریاض حسین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چار سدہ کے فاروق اعظم چوک میں غفور مارکیٹ میں سہہ پہر 4بج کر 25منٹ پر خود کش کار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 15افراد جاں بحق اور 30سے زائد زخمی ہوگئے ، تاہم ہسپتال ذرائع کے مطابق 30 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں ، جن میں سے 53 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اور 11 شدید زخمیوں کو پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ منہدم ہونے والی دکانوں اور عمارتوں کے ملبے تلے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظام کیے گئے تھے ۔تاہم دھماکے کے حوالے سے دھمکی آمیز خطوط مل رہے تھے،انہوں نے کہا کہ دھماکے سے دو منٹ قبل میری گاڑی وہاں سے گزری تھی ۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے ،عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت بازار میں بہت زیادہ رش تھا اور لوگ سہہ پہر کو خریداری اور دوسرے کاموں کیلئے نکلے ہوئے تھے،دھماکے سے کئی گاڑیاں اور 50 سے زائددکانیں تباہ ہوگئیں۔

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے سرحد حکومت کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو فوری اور مفت طبی امداد فراہم کی جائے اور علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے بھی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی سرحد سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔