Live Updates

عمران خان ہسپتال سے ڈسچارج‘ صحت یابی کیلئے عوام کی دعاؤں کا مشکور ہوں‘ فی الحال سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی‘ چیئرمین تحریک انصاف

ہفتہ 14 نومبر 2009 15:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر۔2009ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صحت یابی کے لئے عوام کی دعاؤں کا مشکور ہوں‘ معلوم نہیں تھا کہ کینسر کے لئے جو ہسپتال بنایا ہے وہیں میرا آپریشن ہو گا‘ ابھی ٹانکے لگے ہوئے ہیں سیاسی باتیں بعد میں کروں گا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو شوکت خانم میموریل ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ لوگوں نے بہت زیادہ تعداد میں پیغامات بھیج کر صحت یابی کی دعا کی لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے صحت نصیب ہوئی ہے جس کے لئے ان کا مشکور ہوں مجھے معلوم نہیں تھا کہ کینسر کے لئے جو ہسپتال بنایا ہے اسی میں میرا آپریشن ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ میجر آپریشن ہوا ہے اور ابھی تک ٹانکے لگے ہوئے ہیں اس لئے فی الحال میری سیاسی اور دیگر سرگرمیاں معطل رہیں گی تاہم پارٹی کی تنظیم سازی کا کام جاری رہے گا۔ انہوں نے صحافیوں کی طرف سے بعض سیاسی سوالات پر کہاکہ سیاسی باتیں بعد میں کروں گا ۔واضح رہے کہ عمران خان کو گزشتہ دنوں معدے میں تکلیف کی بنا پر ہسپتال داخل کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی چھوٹی آنت کا آپریشن کیا ہفتہ کو ڈاکٹروں نے عمران خان کو گھر جانے کی اجازت دے دی ہے تاہم بتایا گیا ہے کہ مکمل صحت یابی میں کچھ وقت لگے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات