موجودہ مشکل حالات میں پاکستان کو صرف اسکی ذہین اور قابل نوجوان نسل ہی بچا سکتی ہے‘ شہبازشریف ،معیاری تعلیم پر محدود طبقے کی اجارہ داری ختم کئے بغیر قیام پاکستان کے تقاضے پورے نہیں کئے جا سکتے‘تقریب سے خطاب

ہفتہ 14 نومبر 2009 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر۔2009ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اعلیٰ اور معیاری تعلیم پر ایک محدود طبقے کی اجارہ داری ختم کئے بغیر قیام پاکستان کے تقاضے پورے نہیں کئے جا سکتے‘موجودہ مشکل حالات میں پاکستان کو صرف اس کی ذہین اور قابل نوجوان نسل ہی بچا سکتی ہے‘ چنانچہ میں نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی قومی ذمہ داریاں ادا کرنے کیلئے پوری قوت عمل کے ساتھ آگے آئیں۔

وہ گزشتہ روز ملٹری کالج جہلم میں یوم والدین کی سالانہ تقریب سے صدارتی خطاب کر رہے تھے ۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہترین افرادی قوت اور وسیع قدرتی وسائل موجود ہیں ‘ اگر ہم آج بھی وہ عزم پیدا کرلیں جس کی ہم میں کمی ہے تو ہمارا شمار صف اول کی ترقی یافتہ قوموں میں ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

تاہم ‘ جیساکہ انہوں نے کہا ‘ یہ منزل حاصل کرنے کیلئے ہمیں غیروں کی بجائے اپنے وسائل کی طرف دیکھنا ہوگا کیونکہ پاکستان کی 62 سالہ تاریخ گواہ ہے کہ غیر ملکی امداد ہمارے دکھوں کا مداوا نہیں بن سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی اور خودمختاری اس کی خود انحصاری سے منسلک ہے - شہباز شریف نے سوال کیا یہ کیسے ممکن ہے کہ ہم بھکاری بھی بنے رہیں اور ہمیں اپنے طرز زندگی کے انتخاب کا حق بھی مل جائے ؟۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شعبہ تعلیم کے لئے پاکستان کی تاریخ کے ریکارڈفنڈز مختص کئے ہیں جس کا ایک بڑا مقصد ان ذہین اور محنتی بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم تک رسائی دینا ہے جن کا تعلق معاشرے کے بے وسیلہ اور محروم طبقات سے ہے-انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت غریب خاندانوں کے ذہین اور محنتی بچوں کو اندرون ملک کے علاوہ غیر ممالک میں بھی اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے ہیں چنانچہ غیر ملکی تعلیم اب غریب بچوں کے لئے محض خواب نہیں رہے گی - انہوں نے کہا کہ اگر امیر طبقہ کے افراد اپنے ہر بچے کو اپنی خواہش کے مطابق دنیا کے معروف تعلیمی اداروں سے تعلیم دلوا سکتے ہیں تو عام پاکستانیوں کے غیر معمولی ذہین بچوں سے یہ حق چھیننا قومی جرم سے کم نہیں - انہوں نے کہا کہ دانش سکول سسٹم کے تحت صوبے کے طول و عرض میں مثالی تعلیمی ادارے قائم کئے جا رہے ہیں ۔

پاکستان کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کے وسائل پر ایک محدود طبقہ قابض ہو چکا ہے اور کرپشن نے ہمارے بیشتر اداروں کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں- انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس حال میں پہنچانے میں سول اور فوجی دونوں طرح کی حکومتوں نے اپنا کردار ادا کیا ہے ‘ لیکن پاکستان کو ڈکٹیٹروں کے ہاتھوں پہنچنے والے نقصان کی تلافی کرنے میں کئی عشرے لگیں گے - انہوں نے کہا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی ترجیحات بدل کر بے روزگاری ‘ غربت اور امراض کے شکار ان اہل وطن کی بہتری اور خوشحالی کے لئے اپنی توانائیاں وقف کر دیں جن کے دامن میں محرومیوں اورمایوسی کے سوا کچھ نہیں ۔

وزیراعلیٰ نے ملٹری کالج جہلم میں تعلیم اور غیر نصابی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ اس ادارے نے ملکی دفاع میں ناقابل تسخیر کردار ادا کیا ہے اور پوری قوم اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے - انہوں نے کالج میں نئی تعمیرات اور مختلف ترقیاتی سکیموں کے لئے پانچ کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔