سپیشل سروسز گروپ کا نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی نادرا ویریفیکیشن 20 نومبر تک اور اسمارٹ کارڈ کا اجرا30 نومبر تک مکمل کرنے کا ہدف

ہفتہ 14 نومبر 2009 20:20

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر۔2009ء) اسپیشل سروسز گروپ نے جنوبی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی نادرا ویریفیکیشن بیس نومبر تک اور اسمارٹ کارڈ کا اجرا تیس نومبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔اسپیشل سروسز گروپ نے جنوبی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے چون ہزار خاندانوں کی رجسٹریشن مکمل کرلی ہے۔ جن میں سے چوبیس ہزار کی نادرا ویریفیکیشن ہوئی ہے اور تقریباً پینتیس ہزار خاندانوں کو خوراک اور دیگراشیاء پر مبنی ابتدائی امداد فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

تاہم مالاکنڈ آپریشن کے برعکس یہاں نقد امداد کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن سے لے کر نادرا ویریفیکیشن اور اسمارٹ کارڈ کے اجرا کا عمل تیز کرنے کے لئے دونوں شہروں میں ون ونڈو آپریشن کی سہولت کا اہتمام کیا گیا ہے۔متاثرین کی رجسٹریشن کے لئے قائم کئے گئے مراکز پرمقامی افراد کو کنسٹرکشن انڈسٹری سے وابستہ مختلف شعبوں کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ متاثرین کوعلاج معالجہ کی ضروری سہولیات کے لئے خصوصی فیلڈ ہسپتال قائم کئے گئے ہیں۔حکومت نے متاثرین کی مالی امداد کے لئے دو ارب پچاس کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :