Live Updates

سینئر وزیر راجہ ریاض احمد نے عمران خان کی عیادت کی ، پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ،صدر مملکت اور وزیر اعظم کی طرف سے بھی جلد صحت یابی اور نیک خواہشات کا پیغام دیا

منگل 17 نومبر 2009 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 نومبر ۔2009ء) سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد ، صوبائی وزیر آئی ٹی فاروق گھرکی او رایم پی اے جاوید حسن گجر کے ہمراہ زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی عیادت کی ۔ انہوں نے عمران خان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور صد رمملکت آصف علی زرادری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی طرف سے جلد صحت یابی او رنیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔

انہوں نے کہا کہ آپ پوری قوم کے ہیرو ہیں او رہم سب آپ کی جلد تندرستی کے لئے دعا گو ہیں ۔ راجہ ریاض احمد نے پیپلز پارٹی کی تنظیم اور پارٹی کارکنوں کی طرف سے بھی عمران خان کی خیریت دریافت کی ۔ عمران خان نے سینئر وزیرکوبتایا کہ ان کا 13 سال کی عمر میں اپینڈکس کا آپریشن ہوا تھا ۔ جس کے باعث اب چھوٹی آنت میں تکلیف ہوئی اور انہیں ایک بڑے آپریشن سے گزرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سینئر وزیر کی آمد پر شکریہ ادا کیا او ران کی صحت کے بارے میں مختلف مکتبہ فکر کی جانب سے کی جانے والی دعاؤں پر بھی تشکر کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض احمد اور عمران خان نے ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بالخصوص قبائلی علاقہ جات میں جاری فوجی آپریشن او رملک میں دہشت گردی کی صورتحال پر گفتگو بھی کی ۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کو جلد از جلد ان حالات سے نکالنے پر اتفاق کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات