پیرو، میک اپ کیلئے انسانی چربی حاصل کر نے کی خاطر درجنوں افرا د کو قتل کر نے والے چار ملزم گرفتار

جمعہ 20 نومبر 2009 18:17

لیما(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 نومبر ۔2009ء) پیرو میں پولیس نے چار افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے میک اپ میں استعمال کے لیے انسانی چربی کی خاطر درجنوں لوگوں کا قتل کیا ہے۔ قاتلوں کے اس گروہ پر الزام تھا کہ وہ زیادہ تر ویران راستوں پر لوگوں کو نشانہ بناتے تھے۔ مبینہ طور پر یہ لوگ انسانی چربی چار ہزار ڈالر فی لیٹر کے حساب سے فروخت کرتے تھے۔

گروہ کے دو مشتبہ ارکان جن کا تعلق اٹلی سے بتایا جاتا ہے مفرور ہیں۔ پولیس کو شبہہ ہے کہ یہ گروہ ساٹھ لوگوں کے اغوا میں ملوث ہو سکتا ہے۔پولیس نے اخباری کانفرنس کے دوران صحافیوں کو انسانی چربی سے بھری ہوئی دو بوتلیں دکھائیں۔ اس کے علاوہ قتل ہونے والے ایک شخص کی تصویر بھی وہاں موجود تھی۔ پولیس نے شبہہ ظاہر کیا ہے کہ ملزمان انسانی جسم سے حاصل ہونے والا مواد یورپ میں ادویات اور میک اپ کی مصنوعات بنانے والی کمپنیوں کو فروخت کرتے تھے، تاہم پولیس نے اس تعلق کی تصدیق نہیں کی۔

(جاری ہے)

پیرو میں پولیس کے ایک اعلیٰ اہلکار جنرل فیلکس برگا نے کہا کہ معلوم ہوتا ہے کہ انسانی چربی کی تجارت میں ملوث ایک بین الاقوامی گروہ پیرو سے کام کر رہا تھاگروہ کے پہلے رکن کو نومبر کے شروع میں لیما کے بس اڈے سے گرفتار کیا گیا تھا جب وہ مبینہ طور پر انسانی چربی لے کر جا رہا تھا۔برطانوی ریڈیو کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ایک شخص نے تفصیل سے بتایا کہ وہ کس طرح لوگوں کو قتل کر کے ان کے جسم سے چربی الگ کرتے تھے۔

خبر کے مطابق ملزم نے بتایا کہ وہ دہائیوں سے اس کام کے لیے لوگوں کو قتل کر رہے تھے۔ پولیس انسانی چربی کے خریداروں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔پیرو کی قدیم روایت میں بھی قاتلوں کے ایسے قاتلوں کا ذکر موجود ہے جو ویران راستوں پر لوگوں کو مار کر ان کے جسم سے حاصل ہونے والی چربی فروخت کر دیتے تھے۔

متعلقہ عنوان :