شیو سینا بھارت کی طالبان اور سرطان ہے ،لگتا ہے بھارت کے ایک سے زیادہ باپ ہیں، انٹرنیٹ پر بحث،تنظیم بھارت پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے برابر ہے،بعض وجوہات کی بناء پر ان لوگوں کو جیل میں نہیں ڈال سکتے، بلاگرز

جمعہ 20 نومبر 2009 23:51

ممبئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر۔2009ء) بھارت میں نجی ٹی وی چینل سی این این۔آئی بی این کے دفاتر پر انتہاء پسند ہندو تنظیم شیوسینا کے حملوں کے بعد عالمی انٹرنیٹ بلاگنگ سائٹ ٹوئیٹر پر بحث جاری ہے اور حصہ لینے والوں نے شیو سینا کو بھارتی طالبان قرار دیا ہے، جمعہ کو ممبئی اور پونے میں بھارتی انتہاء پسند ہندو تنظیم شیو سینا کی جانب سے ٹی وی دفاتر پر حملوں کے بعد جہاں دنیا بھر کے صحافیوں نے اس حملے کی مذمت کی ہے وہاں انٹرنیٹ پر بھی بحث شروع ہوگئی ہے، عالمی بلاگنگ سائٹ ٹوئیٹر پر اپنی رائے دینے والوں نے کہا ہے کہ حالیہ حملے کے بعد کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ شیو سینا بھارت کی طالبان ہے، ایک اور رکن نے کہا ہے کہ انتہاء پسند ہندو تنظیم نے آزادی اظہار کا حق چھیننے کی کوشش کی ہے، انٹرنیٹ بحث کے شرکاء نے بھارت میں شخصی آزادیوں اور سیکولر ازم کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے ہیں، بعض بھارتیوں نے اپنے ملک کا دفاع کرتے ہوئے موقف اختیار کیاہے کہ شیو سینا کسی صورت میں بھارت کی نمائندگی نہیں کرتی، تنظیم کیلئے انتہائی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے ایک بھارتی شہری نے کہا ہے کہ ہم بعض وجوہات کی بناء پر ان لوگوں کو جیل میں نہیں ڈال سکتے، ایک اور مبصر نے کہا ہے کہ اگر سچن ٹنڈولکر نے شیو سینا کے حوالے سے کوئی موقف بیان کیا تھا تو کیا بھارتی آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت اسے اس کا حق حاصل نہیں تھا۔

(جاری ہے)

بحث کے دوران ایک بلاگر نے شیوسینا کی جانب سے آبی تنازع پر بی ایم سی انجینئرز کے دفتر پر کئے گئے حملے کا بھی ذکر کیا ہے۔ ایک اور تبصرے میں کہا گیا ہے کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ بھارت کے ایک سے زیادہ باپ ہیں، بعض بلاگرز کی طرف سے شیو سینا کے علاوہ بھارتی انتہاء پسند تنظیموں بھارتیہ جنتا پارٹی، وشوا ہندو پریشد، مہارشٹرا نونرمان سینا، بجرنگ دل کے خطرے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے، بعض بھارتیوں نے کہا ہے کہ سچن ٹنڈولکر نے ایک بار پھر بھارت کو متحد کردیا ہے اور شیوسینا تنہاء رہ گئی ہے، ایک اور تبصرے میں شیو سینا کو بھارت کا سرطان قرا ر دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس سے چھٹکارا ممکن نہیں ہے ایک اور بلاگر نے کہاہے کہ شیو سینا بھارت پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے برابر ہے۔