حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی، بدامنی ، مہنگائی اور غربت نے مڈل کلاس خصوصاًغریب طبقے کو زندہ درگور کر دیا ہے، پرویز الٰہی

بدھ 25 نومبر 2009 17:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 نومبر ۔2009ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی راہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ہے ۔ بدامنی ، مہنگائی اور غربت نے مڈل کلاس خصوصاًغریب طبقے کو زندہ درگور کر دیا ہے ۔ عوام میں احساس محرومی ختم کرنے کے لئے حکمران طبقے کو اپنی دولت اور اولادیں وطن واپس لانی چاہیئں ۔

پاکستان مسلم لیگ متبادل سیاسی قوت ثابت ہو گی ۔ عوام مسلم لیگی حکومت کے اقدام کو آج بھی یاد کر رہے ہیں ۔ کارکن اور عہدیدار مسلم لیگ کو مزید فعال اور متحرک جماعت بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کے نو منتخب مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفی ملک سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ماروی میمن اورایڈیشنل سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد بھی موجود تھے ۔ چوہدری پرویز الٰہی نے غلام مصطفی ملک کی نامزدگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مڈل کلاس کی لیڈر شپ کے آگے آنے سے پارٹی پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی اور مرکزی حکومت کے اہم کارنامے آٹا ، چینی ، بجلی کا بحران جبکہ بے روزگاری ،مہنگائی اور لاقانونیت اس حکومت کے بدترین تحفے ہیں ۔

حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے عوام کو کسی قسم کے ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ اگر حکمران واقعی کچھ کر گزرنا چاہتے ہیں تو وہ عید لالضحیٰ کے موقع پر قیمتوں میں فوری کمی کر کے عوام کر ریلیف دیں ۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی عدم دستیابی اور مسائل کی بہتات نے غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ اگر بے روزگاری اور مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے خطرناک نتائج بر آمد ہو ں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ناز ک صورتحال سے گزر رہا ہے ۔ مشکل کی اس گھڑی میں حکمران طبقہ اپنا سرمایہ وطن واپس لائے اور اپنی اولادوں کو بیرون ملک سے واپس بلائے تا کہ عوام میں بڑھتی ہوئی مایوسی میں کمی ہو سکے ۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت اپنی ساخت بہتر بنانے کے لئے کرپشن کی روک تھام کے لئے بھی مثبت اقدامات اٹھائے کیونکہ غریب قوم کے 500ارب روہے کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں ۔

یہ سرمایہ ملک میں ترقی اور خوشحالی لانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے اور ہمیں دوسروں سے امداد مانگنے کی ضرورت بھی نہیں رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام مسلم لیگی حکومت کے کارکنوں کو یاد کر رہے ہیں کیونکہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے نہ صرف بنیادی اقدامات اٹھائے بلکہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایک نئے دور کا بھی آغاز کیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج اس بات کاواضع ثبوت ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ کی جڑیں پورے پاکستان میں ہیں اور لوگ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں ،چوہدری پرویز الٰہی نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی بانی جماعت کو مزید متحرک اور فعال بنانے کے لئے میدان میں نکلیں اس کے لئے مسلم لیگی قیادت جلد ہی عوامی رابطہ مہم شرو ع کرے گی ۔