اجمل قصاب کی صحت، حفاظت پر 1 سال میں 31 کروڑ روپے خرچ

جمعرات 26 نومبر 2009 15:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 نومبر ۔2009ء) بھارتی حکومت نے ممبئی حملوں کے واحد گرفتار ملزم اجمل قصاب کی حفاظت اور صحت پر 31 کروڑ روپے خرچ کئے۔ ممبئی میں ہونے والے حملوں کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے جس میں166 سے زائد افرادہلاک ہوئے تھے جبکہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے9 حملہ آور ہلاک ہوگئے اور ایک ملزم اجمل قصاب کو زندہ زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا تھاجس پر اب مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی حکام کے مطابق اجمل قصاب کی حفاظت اور صحت پر اب تک 31 کروڑروپے خرچ ہوچکے ہیں۔ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ اجمل قصاب کیلئے اروتھرجے اور جے جے ہسپتال میں دو دو خصوصی بلٹ پروف سیلز بنائے گئے ہیں جبکہ اجمل کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی طور پر استعمال کئے جانے والے ہتھیار اور گاڑیاں بھی خریدی گئی ہیں۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ اجمل کیلئے بنائی گئی سیل کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس پر بارود سے بھرے ٹرک حملے کا بھی کوئی اثر نہیں ہوگا۔