حکومت معاشرے کے محروم طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے عزم کئے ہوئے ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

بدھ 2 دسمبر 2009 18:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔2 دسمبر 2009ء) سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے کے محروم طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے عزم کئے ہوئے ہے اور اس حوالے سے مختلف پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ بدھ کو بدین میں ”بے نظیر بستی “کے افتتاحی تقریب پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کیلئے گھروں کی تعمیر جمہوری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور معاشرے کے محروم طبقوں کیلئے بے نظیر بستی کی تعمیر ایک اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بستی پروگرام کے تحت کراچی ، ٹھٹھہ اور بدین میں دو ارب روپے کی لاگت سے 500 گھر تعمیر کئے جائیں گے ۔اس سکیم کے تحت بدین کے ساحلی علاقوں میں بھی 200 گھر تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانی سے بحال ہوئی ہے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام جمہوری ادارے خوشی اسلوبی سے کام سر انجام دے رہے ہیں اور موجودہ جمہوری نظام کو غیر مستحکم کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ سے پاکستان مستحکم اور خوشحال ہو گا۔ اس لئے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک میں جمہوری نظام کے تحفظ کیلئے آگے بڑھیں۔

متعلقہ عنوان :