ڈاکٹرز ہسپتال کی ہما اکرم ‘تین سالہ بچی ایمان ملک کی ہلاکت میں غفلت ثابت ہو گئی ‘آئندہ ایک دو روز میں ایکشن لے لینگے‘ وفاقی وزیر صحت ،اگر پی ڈی ایم سی کے قانون میں ہسپتال کو بند کرنے کی اجازت ہوئی تو اسے بند کر دیں گے ‘کوئی دباؤ خاطر میں نہیں لائینگے ‘ اعجاز جاکھرانی ،ہسپتال کو بند اور اس کی مینیجنگ ڈائریکٹر کیخلاف قتل کی ایف آئی آر درج کی جائے ‘ نذر چوہان کی سربراہی میں تحقیقات کرنیوالی ٹیم کی سفارش

اتوار 6 دسمبر 2009 21:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔6 دسمبر۔ 2009ء) وفاقی وزیر صحت اعجاز جاکھرانی نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز ہسپتال کی وسیم اکرم کی اہلیہ ہما اکرم اور تین سالہ بچی ایمان ملک کی ہلاکت میں غفلت ثابت ہو گئی آئندہ ایک دو روز میں ایکشن لے لیا جائیگا ‘ اگر پی ڈی ایم سی کے قانون میں ہسپتال کو بند کرنے کی اجازت ہوئی تو اسے بند کر دیں گے جبکہ تین سالہ بچی کی ہلاکت پر وزیر اعلیٰ کی طرف سے بنائی گئی تین رکنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ہسپتال کو بند کرنے اور اسکی مینیجنگ ڈائریکٹر کیخلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرنے کی سفارش کی ہے ۔

وفاقی وزیر صحت اعجاز جاکھرانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ قبل قومی کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ کی ہلاکت میں ڈاکٹر زہسپتال کے ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت پر تحقیقات کرنیوالی کمیٹی کی رپورٹ موصول ہو گئی ہے جس میں ڈاکٹروں کی غفلت ثابت ہو گئی ہے اور اس سلسلہ میں ایک دو روز میں ایکشن لیں گے ‘وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے تین سالہ بچی کی ہلاکت کی تحقیقات کرنیوالی ٹیم کی رپورٹ میں بھی ڈاکٹروں کی غفلت ثابت ہو گئی ہے ‘دیکھا جائے گا کہ پی ایم ڈی سی کاقانون ہسپتال کو بند کرنے کی اجازت دیتا ہے تو اسے بند کر دیا جائے گا اور اس سلسلہ میں کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائینگے ۔

(جاری ہے)

تین سالہ بچی کی ہلاکت میں ڈاکٹروں کی غفلت کی تحقیقات کرنیوالی پنجاب حکومت کی تین رکنی کمیٹی کے سربراہ نذر چوہان نے کہا کہ تحقیقات میں یہ ثابت ہوا ہے ہسپتال کا کوئی انتظام نہیں اور یہ ہسپتال ہوا میں چل رہا ہے ‘ جس ڈاکٹر کی ڈیوٹی تھی وہ کسی اور کو بٹھا کر وہاں سے چلا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ اس ہسپتال کو بند کیا جائے اور اس ہسپتال کی مینیجنگ ڈائریکٹر کیخلاف قتل کی ایف آئی آر درج کی جائے کیونکہ ماضی میں یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ بڑوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے اور چھوٹا عملے کو سزا سنا دی جاتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :