وزیراعظم نے تین وفاقی وزراء کے محکمے تبدیل کردیئے ،بیوروکریسی میں بھی تبادلے، اعجاز جاکھرانی وزیر کھیل ، پیر آفتاب شاہ جیلانی وزیربین الصوبائی رابطہ اور مخدوم شہاب الدین وزیر صحت مقرر، طارق اقبال پوری سیکرٹری محنت،جاوید اختر سیکرٹری اقلیتی امور، انعام اللہ طورو سیکرٹری وفاقی ٹیکس محتسب، سلیم خان سیکرٹری سرمایہ کاری ، غضنفرحسین سیکرٹری مقامی حکومت تعینات کر دیئے گئے

جمعرات 10 دسمبر 2009 20:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 10دسمبر۔ 2009ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے تین وفاقی وزراء کے محکمے تبدیل کردیئے ہیں ، جبکہ بیوروکریسی میں بھی بعض تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ، جن وفاقی وزراء کے محکمے تبدیل کئے گئے ہیں ان میں وفاقی وزیر صحت اعجاز حسین جاکھرانی ، وزیر کھیل آفتاب شاہ جیلانی اور وزیر منصوبہ بندی وترقی مخدوم شہاب الدین شامل ہیں ،وزیراعظم سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اعجاز حسین جاکھرانی کو وزیر کھیل ، پیر آفتاب شاہ جیلانی کو وزیربین الصوبائی رابطہ اور مخدوم شہاب الدین کو وزیر صحت مقرر کردیا گیا ہے، دریں اثناء طارق اقبال پوری کو سیکرٹری محنت وافرادی قوت،جاوید اختر کو سیکرٹری اقلیتی امور، انعام اللہ خان طورو کو سیکرٹری وفاقی ٹیکس محتسب،محمد سلیم خان کو سیکرٹری سرمایہ کاری ، شیخ غضنفرحسین کو سیکرٹری مقامی حکومت مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ انکم ٹیکس گروپ میں گریڈ اکیس کے افسر عزیز بلور ایگزیکٹو ڈائریکٹرنیشنل ووکیشنل اینڈٹیکنیکل ایجوکیشن کمیشن (نیوٹک) اور اطہر طاہر کو سیکرٹری سماجی بہبود مقرر کیا گیا ہے ۔