پولیو ویکسین بارے پراپیگنڈا کے غلط اثرات مرتب ہورہے ہیں ،سعودی عرب نے پاکستان سمیت تین ممالک کے15 سال سے کم عمر بچوں کو ویزے کے لئے پولیو سرٹیفیکٹ کی شرط عائد کردی ہے ۔وزیر صحت

جمعہ 10 نومبر 2006 15:37

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین10نومبر2006 ) صوبائی وزیر صحت عنایت اللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے حج کے لئے آنے والے پاکستان‘افغانستان‘ ہندوستان اور نائیجریا کے15سال سے کم عمر باشندوں کو ویزے کے لئے پولیو سرٹیفیکٹ کی شرط عائد کردی ہے یہ بات انہوں نے پشاور پریس کلب میں 14نومبر سے شروع ہونے والے پولیو مہم کے بارے میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا اس موقع پر قائم مقام ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر روح اللہ ‘عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر جبار‘یونیسف کے ڈاکٹر جمیل ‘ای پی آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وحید اور دیگر بھی موجود تھے وزیر صحت ے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی جومہم شروع ہوئی تھی اس میں پاکستان نے خاطرخواہ کامیابی حاصل کرلی ہے اس بات کااندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ 2000ء میں پاکستان میں پولیوکے199کیس ریکارڈ ہوئے جوکہ اس سال2006ء میں کم ہوکر صرف29رہ گئے ہیں ان میں سے سات کاتعلق بلوچستان سے 2کاتعلق پنجاب سے ایک کاتعلق سندھ سے اور12کاتعلق صوبہ سرحد(ایک ضلع دیرپایاں , ایک ضلع ڈی آئی خان ,پانچ ضلع بنوں ,ایک ضلع لکی مروت,ایک باجوڑ,دوشمالی وزیرستان ) سے ہے انہوں نے کہا کہ 14,15اور16نومبر2006ء کوپولیو مہم تمام صوبہ سرحدبشمول فاٹا میں چلائی جائے گی لہذا اس مہم اپ سب سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی درخواست کی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کی گئی ایک رسرچ سے یہ با ت ثابت ہوئی ہے کہ ایک سال سے کم عمر کے بچے اکثرپولیو مہم کے دوران قطرے پینے سے رہ جاتے ہیں جوایک پریشان کن حقیقت ہے لہذاہمارے لئے یہ ضروری ہے کہ بڑی عمر کے بچوں کے ساتھ ساتھ اس بات کویقینی بنایا جائے کہ ایک سال سے کم عمر کے ہربچے کوپولیو کے قطرے پلائے جائیں انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی یہ مہم ملک سے پولیوکے خاتمے کے بعد بھی مزید تین تک جاری رہے گی تاکہ اس موذی مرض کاجڑ سے خاتمہ ہوسکے دنیا بھرمیں پولیو سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن کی اہمیت کااندازہ اس با ت سے لگایا جاسکتا ہے کہ سعودی حکومت نے حج کے ویزے کے لئے یہ شرط عائد کر دی ہے کہ پاکستان افغانستان ,نائجیریا اورانڈیاسے ویزے کے َلئے اپلائی کرنے والے 15سال سے کم عمرہربچے کوپولیو ویکسینیشن کاثبوت فراہم کرنا پڑے گا اوراس کے علاوہ اپنے ممالک سے15سے کم عمرہربچے کوبارڈر پوائنٹس پرپولیو کے قطرے پلائے جائیں گے تاکہ پولیو پاک ممالک تک اس مرض کودوبارہ پھیلنے سے بچایا جاسکے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسئین کے بارے میں جو پراپگنڈا ہوا ہے اس کے غلط اثرات مرتب ہورہے ہیں اور پولیو کیسز میں اضافہ بھی اسی وجہ سے ہے انہوں نے کہا کہ کینسر اور بانجھ پن کے جو الزامات لگائے جارہے ہیں وہ غلط ہیں ستمبر 2006ء میں علماء کی جو کانفرنس منعقد کرائی تھی اس میں جید علماء نے فتوی جاری کیا تھا پولیو قطرے ہر قسم کے مضر اثرات سے پاک ہیں اس لئے عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ہر صوت پلائیں ۔