ہیلتھ کیئر کے حوالے سے دیہی و بنیادی مراکز صحت کے نظام کو مربوط کرنے اور صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔صدر جنرل پرویز مشرف کا ایوان وزیراعلیٰ میں بریفنگ اجلاس سے خطاب

جمعہ 10 نومبر 2006 19:20

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین10نومبر2006 ) صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت ، انفراسٹرکچر کی فراہمی ، ذرائع مواصلات ، میگا پراجیکٹس اور سوشل سیکٹر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں پنجاب حکومت قابل ستائش کردار کررہی ہے جس کے نتیجے میں صوبے کی مجموعی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے-انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کے حوالے سے دیہی و بنیادی مراکز صحت کے نظام کو مربوط کرنے اور صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں-وہ گذشتہ روز ایوان وزیر اعلی میں ایک بریفنگ اجلاس کی صدارت کررہے تھے- چیف سیکرٹری پنجاب سلمان صدیق نے لاہور کے میگا پراجیکٹس جبکہ چیئرمین پی اینڈ ڈی سلیمان غنی نے ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام کے بارے تفصیلی بریفنگ دی-گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد مقبول، وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل شفاعت اللہ ، نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر نسیم اشرف ، صوبائی سیکرٹری صاحبان اور دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجودتھے-صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف نے بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری معیشت مستحکم ہوئی ہے جس سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ممکن ہوئی ہے- انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جاری میگا پراجیکٹس کی تکمیل میں ہرممکن مدد اور بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی- انہوں نے لاہور میں سپورٹس سٹی کے قیام کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سپورٹس کی سرگرمیاں مزید منظم ہوں گی-انہوں نے کہا کہ اندرون شہر لاہور کی بحالی کے منصوبے سے شہر کے ثقافتی ورثے کی بحالی میں مدد ملے گی- شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور سیاحتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی-انہوں نے کہا کہ لاہور ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ سے لوگوں کو سفر کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی-انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل کی سطح پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے-وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر جنرل پرو یز مشرف کی راہنمائی کی بدولت اصلاحات کا عمل کامیاب ہوا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملا ہے- انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بھی ہمارے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مکمل سپورٹ کررہی ہے- انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی پروگرام کی کامیابی کا اعتراف ہر سطح پر کیا جارہا ہے - انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت صوبے کے 64 ہزار سکولوں میں تمام ضروری تعلیمی سہولیات فراہم کردی گئی ہیں جس سے ان سکولوں میں 20 لاکھ سے زائدنئے بچے داخل ہوئے ہیں - انہوں نے کہا کہ سکول کونسلوں کا نظام بھی فروغ تعلیم میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور اس نظام کو مزید فعال اور متحرک کیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی مضبوطی ہمارے پروگرام کا اہم حصہ ہے- انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہتر اور جدید سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام پر موثر طریقے سے عملدرآمد کیا جارہا ہے -انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت دیہی و بنیادی مراکز صحت میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کو زیادہ تنخواہیں ، ٹرانسپورٹ اور رہائش کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں-انہوں نے کہا کہ ان مراکز میں ڈاکٹروں ، ادویات ، انفراسٹرکچر اور طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جس سے ان مراکز میں زیادہ سے زیادہ مریض علاج کے لئے آرہے ہیں-انہوں نے کہا کہ صوبے کے گیارہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروس کو بہتر کرکے یہاں مریضوں کا علاج مفت کیا جارہا ہے- انہوں نے کہا کہ ملتان میں ا یک ارب روپے کی لاگت سے قائم ہونے والے کارڈیالوجی سنٹر نے کام شروع کردیا ہے جس سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو علاج کی سہولت میسر آرہی ہے-انہوں نے کہا کہ لاہور میں عالمی سطح کا کینسر ہسپتال بھی قائم کیا جارہا ہے- جہاں غریب و نادار لوگوں کا علاج مفت کیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ میڈیکل ریسرچ اور نرسنگ کے شعبوں کو مضبوط کیا جارہا ہے -نرسوں کو تربیت اور ان کے کیریئرسٹرکچر کو بہتر کیا جارہا ہے- انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے نظام سے بہترین نتائج کے حصول کے لئے وزیر اعلی سیکرٹریٹ کی نگرانی میں مانیٹرنگ کا موثر نظام کام کررہا ہے-چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ ہماری اربن ڈویلپمنٹ کی حکمت عملی کے نتیجے میں شہری سہولتوں میں اضافہ ہورہا ہے -انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے- انہوں نے کہا کہ ہمارے عالمی ڈونرز ہمارے پروگراموں کی نہ صرف پذیرائی کررہے ہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ تعاون کے لئے عملی اقدامات بھی کررہے ہیں-انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی پروگرام کی تکمیل ضلعی حکومتوں کی شراکت کے ذریعے کی جارہی ہے جس سے ترقیاتی عمل میں عوام کی شرکت یقینی ہوئی ہے-انہوں نے کہا کہ ہمارے اصلاحات کے ایجنڈے کے فوائد سامنے آرہے ہیں-انہوں نے کہا کہ ترقی کے عمل پر جتنے وسائل خرچ کئے جارہے ہیں اس کا براہ راست عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے-انہوں نے کہا کہ غربت میں کمی کے مختلف پروگراموں کو تیز ی سے مکمل کیا جارہا ہے- انہوں نے کہا کہ لاہور رنگ روڈ، لاہور سیالکوٹ موٹر وے ، لاہور قصور ہائی وے ، لاہور شیخوپورہ فیصل آباد ہائی وے اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک جیسے بڑے منصوبے عوام کو ریلیف کی فراہمی کا باعث بنیں گے-انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر اینڈ سینی ٹیشن کا ایک بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے- وزیر اعلی نے صوبے میں میگا پراجیکٹس کی تکمیل کے سلسلے میں صدر پرویز مشرف کے بھرپور تعاون اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا-

متعلقہ عنوان :