وفاقی حکومت کی مختلف وزارتوں کی ویب سائٹس پر نا مکمل اور پرانی معلومات ،”وزارت قانون کے سربراہ بابراعوان نہیں افضل سندھو ہیں، امور کشمیر کی وزارت ابھی تک قمر زمان کائرہ کے پاس ہے“ وزارت کھیل کی ویب سائٹ پر وفاقی وزیر اعجاز جاکھرانی کی تصویر کا خانہ خالی، وزارت صحت کی ویب سائٹ ڈاؤن،وزارت داخلہ کے تحت ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے متعلقہ صفحہ 10 مئی 2004 کے بعد اپ ڈیٹ نہیں کیا جا سکا

جمعرات 17 دسمبر 2009 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 17دسمبر۔ 2009ء) دنیا بھر میں تیزی سے فروغ پانے والے آئی ٹی کے شعبے کو پاکستان میں کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی ۔ وفاقی حکومت کی مختلف وزارتوں کی ویب سائٹس پر نا مکمل اور پرانی معلومات موجود ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق این این آئی کے شعبہ ریسرچ نے مختلف معلومات کے حصول کیلئے جمعرات کی شام وفاقی حکومت کی مختلف وزارتوں کی ویب سائٹس کا وزٹ کیا تو بعض ویب سائٹس پر نا مکمل اور پرانی معلومات پائی گئیں ۔

وزارت کھیل کی ویب سائٹ پر حال ہی میں وزارت کا چارج سنبھالنے والے وفاقی وزیر کھیل میر اعجاز حسین جاکھرانی کا نام تو موجود تھا لیکن تصویر کا خانہ خالی پایا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزارت کے پاس اپنے وفاقی وزیر کی تصویر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح حکومت کی طرف سے پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر بابر اعوان کو وزارت قانون کا قلمدان سونپتے ہوئے دونوں وزارتوں کو ضم کیا جا چکا ہے لیکن وزارت قانون کی ویب سائٹ کے مطابق انچارج وزیر ابھی تک وزیر مملکت محمد افضل سندھو ہیں جن کا نام اور تصویر ویب سائٹ پر آویزاں ہے ۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر منظور وٹو کو وزارت امور کشمیرو گلگت بلتستان کا قلمدان سونپا جا چکا ہے لیکن ویب سائٹ پر قمر زمان کائرہ کا نام اور تصویر حسب سابق موجود ہے۔ وزارت صحت کی ویب سائٹ www.health.gov.pk ڈاؤن پائی گئی اور متعدد کوششوں کے باوجود وزارت صحت کی سرکاری ویب سائٹ تک رسائی ممکن نہ ہو سکی اس کے علاوہ یہ بات بھی نوٹ کی گئی کہ اکثر وزارتوں کی ویب سائٹس پر موجود ”تازہ ترین“ معلومات یا پریس ریلیز کئی ماہ پرانے ہیں ۔

ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کی تازہ صورتحال جاننے کیلئے داخلہ ڈویژن کی ویب سائٹ کے وزٹ کے دوران مطلوبہ معلومات نہ مل سکیں سرچ انج گوگل کے ذریعے تلاش کئے گئے ای سی ایل کے پیج کے وزٹ کے دوران معلوم ہوا کہ اسے تقریباً ساڑھے پانچ سال قبل 10 مئی 2004 کو اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔