وزیراعظم سے چینی کمپنی زید ٹی ای اور امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم ’اپنا‘ کے وفود کی ملاقات،حکومت ملک میں انفارمیشن اور ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے،ڈاکٹرز ملک کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات اور میڈیکل سٹاف کی تربیت کیلئے حکومت کی معاونت کریں ، گیلانی

ہفتہ 26 دسمبر 2009 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 26 دسمبر ۔2009 ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے چین کے ساتھ سٹرٹیجک پارٹنر شپ کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے کیلئے دو طرفہ تعاون میں اضافے کی ضرورت پر زوردیا ہے ، اسلام آباد میں چینی کمپنی زید ٹی ای کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں انفارمیشن اور ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے اور اس شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں ، دریں اثناء امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم ’اپنا‘ کے وفد نے ڈاکٹر عبدالصمد کی سربراہی میں وزیراعظم سے وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی، وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ پاکستان کو تعلیم اور صحت کے شعبوں میں معاونت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیراعظم کی جمہوریت کی مضبوطی کیلئے مفاہمتی سیاست کی تعریف کرتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے تنظیم کے ارکان سے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات اور میڈیکل سٹاف کی تربیت کے لئے حکومت کے ساتھ معاونت کریں ، وفد نے وزیراعظم کو تنظیم کی طرف سے کئے جانیوالے مختلف منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ۔