مسابقتی کمیشن نے چینی کی قیمت مقرر کرنے کا باہمی معاہدہ کرنے پر3 شوگر ملوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دیئے

پیر 4 جنوری 2010 13:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔04جنوری۔ 2010ء)مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے چینی کی قیمت مقرر کرنے کا باہمی معاہدہ کرنے پر3 شوگر ملوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ شو کاز نوٹس پنجاب کی عبداللہ شوگر ملز، سندھ کی العباس شوگر ملز اور صوبہ سرحد کی پریمئر شوگر ملز کو جاری کئے گئے ہیں۔ ان ملوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 21 جنوری2010 تک وجوہ بیان کریں کہ ان کے خلاف سی سی پی آرڈیننس کی دفعہ31 کی خلاف ورزی کرنے اور شوگر انڈسٹری میں باہمی مسابقت روکنے پر کیوں نہ کاروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

سی سی پی کا تین رکنی بنچ پہلے ہی شوگر ملز ایسوسی ایشن کے خلاف کیس کی سماعت کر رہا ہے 29 دسمبر کو چوتھی سماعت کے دوران کمیشن نے شوگر ملز کو انفرادی نوٹس بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کو ان الزامات کی تردید کے لئے دستاویزی ثبوت پیش کرنے کی غرض سے تین ہفتوں کی مہلت دی گئی ہے۔ سی سی پی تین رکنی بنچ کی سربراہی کمیشن کے چیئرمین خالد عزیز مرزا کر رہے ہیں۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن کی نمائندگی معروف وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ کر رہے ہیں۔