تقسیم ڈھاکہ کے بعد بقیہ پاکستان بھٹو کے آئین کی وجہ سے قائم ہے،73 کا اصل آئین بحال کریں گے،وزیراعظم،شہید ذوالفقا رعلی بھٹو نظام کی تبدیلی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے،عوام کو طاقت کا سرچشمہ سمجھتے تھے،ملک کو ایٹمی قوت بنایا، ملک کو مضبوط کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنا لازمی ہے، کوئی ہمارے خطے میں امن کی کوششوں کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھے ہم نے بہت سی قربانیاں دی ہیں اور ابھی تک دے رہے ہیں،یوسف رضا گیلانی کا تقریب سے خطاب

منگل 5 جنوری 2010 21:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔5جنوری۔ 2010ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 73 ء کا آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا تھا اور اس آئین کی وجہ سے ملک محفوظ ہے۔ ملک کے دفاع کیلئے جان دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بھٹو نے ہر دور میں آمریت کا مقابلہ کیا اور عوام کو بھی اپنے حق کیلئے لڑنے کا سلیقہ سکھایا ۔

ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید ذوالفقار رعلی بھٹو ایسی شخصیت تھے جو نظام کی تبدیلی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے۔ ان کا فلسفہ بھی نظام کی تبدیلی تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کو طاقت کا سرچشمہ سمجھتے تھے اور عوام کو طاقت ور اور ان کے ووٹ کو مقدس سمجھتے تھے۔

(جاری ہے)

ذوالفقار علی بھٹو نے باور کرایا کہ خواہ کوئی بڑا ہے یا چھوٹا سب کے ووٹ برابر ہیں۔ اس لئے عوام کو طاقتور کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور عوام کی خاطر اپنی جان کی قربان کر دی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو اپنے حقوق مانگنے کے طور طریقے سکھائے عوام کو زبان دی تاکہ عوام اپنے حق کیلئے لڑ سکیں۔ آج وہی زبان ہے کہ لوگ اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں اور یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ذوالفقار علی بھٹو کی دی ہوئی زبان ہے جس سے عوام اپنا حق مانگ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہد ذوالفقار علی بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شہید بے نظیر بھٹو نے بھی ان کے مشن کو جاری رکھا اور ان کے منشور پر عمل کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس عوام کو 73 ء کا آئین دیا۔ تقسیم ڈھاکہ کے بعد بقیہ پاکستان بھٹو کے آئین کی وجہ سے قائم ہے۔ اس لئے ان کے آئین کو ہم نے سنبھال کر رکھنا ہے پیپلز پارٹی نے آئین بنایا تھا پیپلز پارٹی آئین کی پابندی کرے گی اور ہم ہی 73 کے اصل آئین کو دوبارہ بحال کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو ایٹمی طاقت دی ۔ اس کی وجہ سے ملک کی حفاظت کی ضمانت وہی ایٹمی قوت ہے۔ ہم ذمہ دار ملک ہیں۔ ہم کوئی غیر ذمہ دارانہ کام نہیں کریں گے مگر اپنے ملک اور سرحدوں کی حفاظت ملکی خود مختاری کیلئے ہر شخص جان دینے کیلئے تیار ہے۔ کوئی ہمارے خطے میں امن کی کوششوں کو شک کی نگاہ سے نہ دیکھے ہم نے بہت سی قربانیاں دی ہیں اور ابھی تک دے رہے ہیں ۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ہر دور آمریت کا بھر پور مقابلہ کیا۔ شہید بے نظیر بھٹو نے بھی مقابلہ کیا اور دونوں باپ بیٹوں کا یہ فلسفہ تھا کہ حق کوئی نہیں دیتا ہے حق لینا پڑتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کی عوام کو جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے ملک کو کبھی نہیں تھی۔ ہم اپنے منشور پر عمل کریں گے۔ غریب طبقے کا ہر لحاظ سے خیال رکھیں گے۔

ذوالفقار علی بھٹونے 5 مرلہ ملکیت کا حق دیا۔ جب کہ صدر زرداری نے بھی وندرا ڈیم کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر ملکیتی کاغذات اصل مالکان کے حوالے کیے ۔ ذوالفقار علی بھٹو کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنی پیپلز پارٹی کی جماعت ہمیں دی یہ وہ جماعت ہے جو وفاق کشمیر اور چاروں صوبوں کی شناخت ہے ۔ پوری دنیا میں پیپلز پارٹی کی تنظیمیں ہیں اور اس ملک کے ضامن 73 کا آئین اور پیپلز پارٹی ہیں اور ملک کو مضبوط کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنا لازمی ہے۔ ہم ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی اور ان کے بنائے ہوئے آئین کی مکمل تحفظ کریں گے ۔ ملک بھر میں جماعت کی تنظیم نو کریں گے۔