تھرپارکر: چکن گونیا کا مرض عروج پر، 18 دیہات لپیٹ میں آگئے

جمعہ 25 اگست 2017 15:06

تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2017ء)صحرائے تھر میں چکن گونیا کے مرض نے 18 دیہات کے مکینوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ ماہ رواں کے دوران2000 سے زائد افراد کو علاج کے لئے سرکاری اسپتالوں میں لایا گیا۔تھر کے صحرا میں چکن گونیا کے مرض پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ماہ رواں میں چکن گونیا کے مریضوں کی تعداد2000 تک جا پہنچی ہے۔

(جاری ہے)

تحصیل چھاچھرو چکن گونیا سے زیادہ متاثر ہے جہاں تعلقہ اسپتالوں میں مریضوں کے ہجوم لگے دکھائی دیتے ہیں۔اوڈھانی،ہریاڑ،رام سینگھانی سمیت اٹھارہ دیہات کے مکین چکن گونیا کا شکار ہیں جہاں ان کا علاج ٹھنڈے پانی کی پٹیوں تک محدود دکھائی دیتا ہے ۔مقامی طور پر تین افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی تاہم محکمہ صحت سہولیات کی فراہمی کا دعویدار ہے جبکہ ڈاکٹر چکن گونیا کے مرض کے پھیلائو کی وجہ مچھروں کو قرار دیتے ہیں جن کی تعداد میں حالیہ بارشوں کے بعد تشویشناک اضافہ ہو گیا ہے۔