پاکستان میں 219 افراد میں سوائن فلو کی تصدیق ہو گئی،وفاقی وزیر صحت

منگل 12 جنوری 2010 14:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔12جنوری۔ 2010ء) وفاقی وزیر صحت مخدوم شہاب الدین نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ملک بھرمیں اب تک سوائن فلو کے 828 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 219مریضوں کے خون میں سوائن فلو کی تصدیق ہو گئی- سوائن فلو کی ویکسین عالمی ادارہ صحت نے 10جنوری تک فراہمی کا وعدہ کیاتھا مگر اب انہوں نے ایک ہفتہ مزید مانگا ہے منگل کو روبینہ سعادت قائم خانی، شکیلہ خانم رشید، نواب عبدالغنی تالپور، یاسمین رحمان اورشمشاد ستاربچانی کی طرف سے ملک میں سوائن فلو کے کینسر میں اضافہ سے متعلق پیش کئے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیرصحت نے ایوان کو بتایا کہ بیماری میکسیکو سے شروع ہوئی عالمی ادارہ صحت نے خدشہ ظاہرکیا کہ یہ بیماری پوری دنیا میں پھیل سکتی ہے حکومت پاکستان نے اس مرض کے پھیلاؤ کوروکنے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کی ہوائی اڈوں پر سکریننگ کی جاتی ہے وزارت صحت اس حوالے سے ہائی الرٹ ہے وزیر صحت نے بتایا کہ ملک بھرمیں اب تک سوائن فلو سے 14مریض انتقال کرگئے وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کو ٹریننگ دی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت نے پہلے کل آبادی کے 10فیصد اور بعد میں20فیصد کے حساب سے ویکسین فراہم کرنے کافیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :