حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ، صمصام علی بخاری

منگل 12 جنوری 2010 20:32

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔12جنوری۔ 2010ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے، میڈیا کو جتنی آزادی آج ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی تاہم میڈیا کو بھی ملکی استحکام، سالمیت اور خوشحالی و ترقی کے جذبے سے سرشار ہوکر اپنا غیر جانبدارانہ موٴثر کردار ادا کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار صمصام علی بخاری نے رینالہ خورد میں سوئی گیس کے افتتاح کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض شکست خوردہ ذہنیت کے لوگ صدر پاکستان آصف علی زرداری پر تنقید کر رہے ہیں اور وہ لوگ سمجھتے ہیں کہ اس طرح حکومت کمزور ہوجائے گی اور مڈٹرم الیکشن کی راہ ہموار ہوجائے گی، ایسے لوگ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، حکومت اپنی میعاد پوری کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو شہید نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کو استحکام بخشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری پاکستان کو مضبوط اور متحد کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس لئے پاکستان مخالف قوتیں ان کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ صمصام بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک میں وفاق کی علامت ہے، باقی سب جماعتیں علاقائی جماعتوں کی حیثیت رکھتی ہیں۔

پیپلز پارٹی کے قائد آصف علی زرداری کو پورے ملک کے عوام کا اعتماد حاصل ہے لہذا ان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ وہ صرف صدر کے خلاف ہی نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وقت آیا تو صدر پاکستان آصف علی زرداری کے لئے خون کا نذرانہ دینا پڑا تو پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ بھٹو خاندان کے ساتھ غداری کرنے والوں کا نام و نشان نہیں رہے گا۔ بھٹو خاندان نے جمہوریت کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں، صدارت اور وزارت عظمیٰ کی سیٹ خیرات میں نہیں ملی بلکہ عوام نے دی ہے اور پیپلز پارٹی ہی ملک کو مضبوط کرے گی۔