اجوائن لبلبے، ہڈیوں کے گودے، رحم، پیڑو، پروسٹیٹ، تھائیرائیڈ اور چھاتی کے کینسر سے بچانے میں معاون ہے، چینی ماہرین

پیر 28 اگست 2017 13:47

اجوائن لبلبے، ہڈیوں کے گودے، رحم، پیڑو، پروسٹیٹ، تھائیرائیڈ اور چھاتی ..
بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2017ء)چین کے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اجوائن کا استعمال کا مسلسل استعمال لبلبے، ہڈیوں کے گودے، رحم، پیڑو، پروسٹیٹ، تھائیرائیڈ اور چھاتی کے سرطان سے محفوظ رکھتا ہے۔ بیجنگ یونیورسٹی کے شعبہ صحت کے ماہرین کی جدید تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اجوائن عام جڑی بوٹی ہمیں کینسر، گٹھیا اور دل کی بیماریوں سمیت کئی امراض سے بھی بچا سکتی ہے۔

اجوائن میں وٹامن سی، بی ٹا کیروٹین اور کوئرسیٹین سمیت کئی اینٹی آکسیڈینٹ مادّے موجود ہوتے ہیں جو کینسر پیدا ہونے سے روکتے ہیں۔ ان سب کے علاوہ اجوائن میں ایپی جینن، لیوٹیولین اور کرائسوئروئیل نامی مفید مادّے بھی پائے جاتے ہیں جو کم شہرت رکھتے ہیں تاہم ان غیر معروف مادّوں کی بدولت اجوائن میں لبلبے، ہڈیوں کے گودے، رحم، پیڑو، پروسٹیٹ، تھائیرائیڈ اور چھاتی کے سرطانوں کو روکنے کی خداداد صلاحیت موجود ہے۔

(جاری ہے)

اجوائن کا استعمال صرف کینسر ہونے سے ہی محفوظ نہیں رکھتا بلکہ وہ خواتین و حضرات جو سرطان میں مبتلا ہوں، اپنی غذا میں اجوائن کو لازمی جزو کے طور پر شامل کر کے سرطان کے پھیلاؤ کو قابو میں بھی کر سکتے ہیں۔ اجوائن میں کیلشیم، میگنیشیم، فلورائیڈ اور بورون کے علاوہ ایک بہت ہی مفید لیکن نہایت نایاب ’’وٹامن کے‘‘ بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے یہ تمام اجزاء ہڈیوں اور جوڑوں کو مضبوط بناتے ہیں جبکہ یورک ایسڈ کو خون میں شامل ہونے سے روکتے ہیں۔ اجوائن کا روزانہ استعمال رگوں کو سخت ہونے سے بچاتا ، شریانوں اور دل کی متعدد بیماریوں کا خطرہ بہت کم کرتا ہے۔