بعض لوگوں کو آصف زرداری فوبیا ہو گیا ہے،صمصام بخاری

جمعرات 14 جنوری 2010 19:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔14جنوری۔ 2010ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ بعض لوگوں کو آصف زرداری فوبیا ہو گیا ہے ،وہ17 کروڑ پاکستانیوں کے منتخب صدر ہیں، ہمیں غیر جمہوری قوتوں کو اپنے عمل کے ذریعے مثبت پیغام دینا چاہیے، سیاسی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہیے، آئین کو اصل حالت میں بحال کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، ہر شخص کا احتساب ہونا چاہیے۔

ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے ماضی میں آمر سے نجات کیلئے ملکر جنگ کی ہے تاہم بعض لوگوں کو آصف زرداری فوبیا ہو گیا ہے جبکہ صدر آصف علی زرداری 17 کروڑ عوام کے منتخب صدر ہیں اور ان پر تینوں صوبائی اسمبلیوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب 17 کروڑ عوام صدر پر اعتماد کرتی ہے تو انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کا احترام کرتے ہیں اور ان کی طرف سے کوئی متنازعہ بیان سامنے نہیں ہے اور یہ جمہوریت کی خوبصورتی ہے اورہم سمجھتے ہیں کہ (ن) لیگ جمہوریت کے استحکام کیلئے ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے اور 17 ویں ترمیم ختم ہونے جا رہی ہے اور وہ 1973ء کے آئین کا حصہ نہیں، اسے صرف اور صرف لیگل فریم ورک آرڈر کے تحت لایا گیا تھا۔