نامعلوم شدت پسندوں نے صحت کے ایک بنیادی مرکز کو بارودی دھماکے سے تباہ کر دیا چوکیدارگرفتار

ہفتہ 16 جنوری 2010 17:58

خیبر ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔16جنوری۔ 2010ء) نامعلوم شدت پسندوں نے صحت کے ایک بنیادی مرکز کو بارودی دھماکے سے تباہ کیا ہے۔ پولیٹکل انتظامیہ نے چوکیدار کو حراست میں لے لیا ہے۔

(جاری ہے)

مقامی پولیٹکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح چار بجے کے قریب تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے سلطان خیل میں مْسلح شدت پسندوں نے صحت کے ایک بنیادی مرکز کے چار دیواری کو پھلانگ کر اندر داخل ہوگئے اور بنیادی مرکز کے اندر بارودی مواد نصب کرکے دو زوردار دھماکے کیے جس کے نتیجہ میں چار کمرے مکمل طور تباہ جبکہ دفتر اور کیچن کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے سے صحت کے بنیادی مرکز میں موجود لاکھوں روپے کے آوزار اور میڈسن ضائع ہوگئی ہیں۔اہلکاروں کے مطابق واقعہ کے بعد چوکیدار عظمت گل کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کا گھر صحت کے بنیادی مرکز سے کچھ فاصلے پر واقع ہے۔واضح رہے کہ خیبر ایجنسی میں اس سے پہلے شدت پسندوں نے درجنوں تعلیمی اداروں کو تباہ کیاگیا ہے لیکن صحت کے مراکز پر بہت کم حملے ہوئے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سلطان خیل میں یہ واحد بنیادی صحت کا مرکز تھا جس سے سینکڑوں لوگوں کو صحت کی سہولت مْیسر تھی۔