فرینڈز آف پاکستان کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کانفرنس آج سے دبئی میں شروع ہوگی ، پاکستان سماجی شعبے کی ترقی کے لئے نجی شعبے کو110 ارب ڈالر کے 100 منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دے گا،مجوزہ منصوبوں کا تعلق توانائی، بنیادی ڈھانچے کے فروغ، زراعت اور صحت و تعلیم کے شعبوں سے ہے

پیر 25 جنوری 2010 13:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جنوری۔2010ء) پاکستان کل (منگل) سے دبئی میں شروع ہونے والی فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان کانفرنس میں ملک کے سماجی شعبے کی ترقی کے لئے نجی شعبے کو110 ارب ڈالر مالیت کے 100 منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دے گا ،توانائی، بنیادی ڈھانچے کے فروغ، زراعت اور صحت و تعلیم سے متعلق مجوزہ منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر پیش کئے جا رہے ہیں۔

پیرکو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط نے بتایا کہ 26 جنوری کو دبئی میں شروع ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کے سماجی شعبے کی ترقی کے لئے فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان میں شامل ممالک کے نجی شعبے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور وزیر خارجہ نے استنبول میں اس حوالے سے جو تصور پیش کیا تھا اسے ٹھوس شکل دینے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔ یہی بات ہم فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان میں شامل حکومتوں اور ان کے نجی شعبے تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ کانفرنس کے دوران چار شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی جن میں توانائی، بنیادی ڈھانچے کا فروغ، زراعت اور سماجی شعبے میں صحت و تعلیم شامل ہیں۔ ان شعبوں میں ہم سو کے قریب منصوبوں کی پیشکش کریں گے۔

جن میں چھوٹے بڑے اور طویل مدتی منصوبے شامل ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ نجی شعبہ ان منصوبوں میں پاکستان سے تعاون کرے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پاکستان میں موجود شاندار مواقع سے خود بھی مستفید ہو اور پاکستانی عوام کو بھی فائدہ پہنچائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فرینڈز آف پاکستان کے فورم پر امداد فراہم نہیں کی جاتی۔

این این آئی ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے کانفرنس کے موقع پر پیش کئے جانے والے مجوزہ منصوبوں کی تخمینہ لاگت ایک سو دس ارب ڈالر ہوگی۔ فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان کے تحت ہونے والی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پاکستان کا اعلی سطح کا وفد شرکت کرے گا جس میں وزیر سرمایہ کاری وقار احمد، وزیر مملکت برائے اقتصادی ترقی حنا ربانی کھر اور وزارت پانی و بجلی، پٹرولیم و قدرتی وسائل، نجکاری، زراعت، صحت، سرمایہ بورڈ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور واپڈا سمیت دیگر محکموں کے اعلی حکام شامل ہوں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النیہان کانفر نس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :