ماں کی بے خوابی بچوں کے لئے نقصان دہ

جمعرات 7 ستمبر 2017 12:57

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2017ء) برطانوی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ماں کی بے خوابی بچوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔یونیورسٹی آف واروک کے ماہرین کی جدید تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو مائیں بے خوابی کا شکار ہوتی ہیں ان کے بچوں کی نیند نہ صرف متاثر ہوتی ہے بلکہ ان کی ذہنی نشوونما اور دماغی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔

ماہرین کی جانب سے کئی سو بچوں کا سروے کیا گیا ۔ مطالعے میں نیند کے دوران الیکٹرو اینسیفیلو گرافی (ای ای جی) کے ذریعے ایک رات بچوں کا جائزہ لیا گیا اور ان کے گھروں میں جا کر ان کے دماغ پر الیکٹروڈ لگائے گئے۔ دوسری جانب بچوں کے والدین سے ان کی اپنی نیند کی کیفیات اور بچوں میں نیند کے مسائل سے سوالات کئے گئے۔اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ جن بچوں کی مائیں بے خوابی یا کچی نیند کی شکار تھیں ان کے بچے بھی کم وقت کے لیے گہری پرسکون نیند میں گئے جو بچوں کی ای ای جی سے ظاہر تھیں۔

(جاری ہے)

تاہم اس پورے عمل میں باپ کی نیند میں کمی بیشی کا بچوں پر کم اثر دیکھا گیا۔ اس کی ظاہری وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ بچے ماں کے پاس زیادہ وقت گزارتے ہیں اور ان کا ماں سے رشتہ زیادہ مضبوط ہوتا ہے جس کا اثر ان کی نیند پر بھی ہوتا ہے۔سوالات کے جوابات میں جب ماں اور باپ نے اپنی نیند کے معیار کی خرابی بیان کی تو انہوں نے خود یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کے بچے درست انداز میں نہیں سو سکے یا دیر سے سوتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خراب اور ناکافی نیند دماغی کمزوری، یادداشت کو متاثر کرنے اور دماغی و نفسیاتی صحت کے لیے شدید نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :