اسپرین سے دانتوں کے عام ترین مرض کا سستا علاج متعارف

یہ نیا طریقہ کار نہ صرف دانتوں کی عمر کو لمبی کرنے میں مدد دے سکتا ہے بلکہ طبی اخراجات میں نمایاں کمی لانے میں بھی مدد دے گا،تحقیق

جمعہ 8 ستمبر 2017 15:25

اسپرین سے دانتوں کے عام ترین مرض کا سستا علاج متعارف
ایمسٹرڈیم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2017ء) عمر بڑھنے کے ساتھ دانتوں کی فرسودگی یا خرابی کا سامنا ہر ایک کو ہوتا ہے مگر مہنگے علاج کی بجائے سستی اسپرین اس کو ریورس کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ دعویٰ شمالی آئرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔کوئنز یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق یہ عام اور سستی درد کش گولی دانتوں کو اپنی مرمت خود کرنے پر مجبور کردیتی ہے، جبکہ نئے دنتین (دانت کا سخت اسٹرکچر)کی تشکیل کے لیے بھی مددگار ہے جو کہ عام طور پر دانتوں کی خرابی سے متاثر ہوتا ہے۔

دانتوں کی فرسودگی دنیا بھر میں دانتوں کے امراض میں سب سے عام ہے جو ایک تہائی بالغ افراد کو اپنا نشانہ بناتا ہے۔تحقیق کے مطابق ابتدائی نتائج سے عندیہ ملا ہے کہ اسپرین دانتوں کی اپنی مرمت کے لیے فوری حل ثابت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

محققین کا کہنا تھا کہ یہ نیا طریقہ کار نہ صرف دانتوں کی عمر کو لمبی کرنے میں مدد دے سکتا ہے بلکہ طبی اخراجات میں نمایاں کمی لانے میں بھی مدد دے گا۔

عام طور پر دانتوں کی فرسودگی ان میں تکلیف یا ہلنے کا باعث بنتی ہے اور انہیں نکلوانا پڑتا ہے جبکہ بیکٹریا کی روک تھام کے لیے فلنگ بھی کرائی جاسکتی ہے مگر وہ بھی محدود مدت تک ہی کارآمد ثابت ہوتی ہے اور زندگی بھر میں کئی بار کروانا پڑتی ہے۔اس نئی تحقیق میں یہ دریافت کیا گیا کہ اسپرین کی کم مقدار ایسے منرلز کی بحالی میں نمایاں اضافہ کرتی ہے جو دانتوں کی مضبوطی اور افعال کے لیے ضروری ہیں۔یہ ایسے اسٹیم سیلز کو بھی متحرک کرتی ہے جو دانتوں کے نقصان شدہ اسٹرکچر کی مرمت کرتے ہیں۔محققین کے مطابق اب اگلے قدم میں اس دوا کی دانتوں کے مسائل کے حوالے سے کلینکل ٹرائل میں آزمائش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :