شہری ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے مکمل طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 9 ستمبر 2017 14:06

شہری ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے مکمل طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،ڈپٹی ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے خبردار کیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران ڈینگی کے شدید خطرات موجود ہیں کیونکہ یہ موسم ڈینگی مچھر کی افزائش اورپھیلائو کیلئے موافق ہے لہٰذا ضلع کے تمام متعلقہ محکمے انسداد ڈینگی اقدامات پر انتہائی ذمہ داری سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور شہری بھی ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے مکمل طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

وہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈینگی کے حوالے سے محکمانہ کارروائیوں کی پیشرفت اور موجودہ موسم میں درکار تقاضوں کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ہیڈ کوارٹرز)میاں آفتاب احمد،چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ظفرعباس،ڈی ایم ڈی واسا وسیم ہاشمی،فوکل پرسن الائیڈ ہسپتال ڈاکٹرمعصومہ سرداراورمختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے انسداد ڈینگی ڈاکٹر بلال احمد نے انسداد ڈینگی سٹاف کی کارکردگی،مختلف علاقوں سے ڈینگی لاروا کی برآمدگی اور ڈینگی مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میںبریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے انٹامالوجسٹس سمیت انسداد ڈینگی کے دیگر سٹاف کو ہدایت کی کہ سرویلنس کے دوران جس جگہ لاروا پایا جائے اسکی فوری کیمیکل ٹریٹمنٹ کے علاوہ اس علاقہ کو باربار چیک کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ جن علاقوں سے گزشتہ سال لاروا برآمد ہوا تھا ان پر بھی خصوصی توجہ مرکوز ہونی چاہیے۔انہوں نے انسداد ڈینگی سے متعلق آگاہی مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں،صنعتی یونٹس،مارکیٹوں،دینی مدارس اور عوامی اجتماعات کے دیگر مقامات پر ڈینگی سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق معلوماتی پمفلٹس تقسیم کرنے کے علاوہ سیمینارز،واکس،تقریری مقابلوں،ٹاک شوز،مساجد سے اعلانات کرانے سمیت دیگر تشہیری ذرائع کو بروئے کار لایا جائے تاکہ شہریوں میں ڈینگی کی افزائش روکنے اور اس سے صحت کو بچانے کا احساس اجاگر رہے۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر انسداد ڈینگی میٹنگز کرکے نچلی سطح پر متعلقہ محکموں کو متحرک رکھا جائے ۔ڈاکٹر بلال احمد نے بتایا کہ ضلع میں ڈینگی سٹاف میں اضافہ کے نتیجہ میں ان ڈور سرویلنس کے دوران اس سال 1230مقامات پر ڈینگی لاروا پایا گیا تھا جہاں گزشتہ سال 725مقامات جبکہ آئوٹ ڈور سرویلنس کے دوران گزشتہ سال 415مقامات اور اس سال 745مقامات سے ڈینگی لاروا ملا ہے جس کی تلفی کے لئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :