سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کمی سے شعبہ صحت میں40فیصد کٹوتی کی جا رہی ہے، قومی اسمبلی کو آگاہی

جمعہ 29 جنوری 2010 20:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔29جنوری۔ 2010ء) قومی اسمبلی کوبتایاگیا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کمی سے شعبہ صحت میں40فیصد کٹوتی کی جا رہی ہے، اسمبلی نے ادارہ خلائی ٹیکنالوجی کے قیام کے قانونی بل کی منظوری بھی دی ہے ۔قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو وفاقی وزیرصحت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کمی سے متعلق وزیر خزانہ کے اس موقف کی تردید کی جس میں کہا گیا تھا کہ پی ایس ڈی پی میں کٹوتی سے صحت و تعلیم کے شعبے متاثر نہیں ہوں گے۔

وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ وزیر اعظم کو کہا گیا ہے کہ شعبہ صحت میں40 فیصد کٹوتی کو20 فیصد رکھا جائے ۔ رکن اسمبلی شاہد خاقان عباسی نے اراکین پارلیمنٹ کو پلاٹ ملنے کے حوالے شائع ہونے والی ایک خبر کے خلاف تحریک استحقاق پیش کی جو قائمہ کمیٹی کو بھجوا دی گئی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ق کے ارکان نے سوات ضمنی الیکشن میں اے این پی پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے ایوان سے واک آوٴٹ کیا ۔

مسلم لیگ ن کی تہمینہ دولتانہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری نے صدر بننے سے پہلے جو کچھ کیا اس کا انہیں آرٹیکل248 کے تحت استثنیٰ حاصل نہیں۔ وزیر مملکت قانون نے قومی سلامتی پر پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔وفاقی وزیرخورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ اسمبلی پہلی اسمبلی ہے جس نے ایک سیشن میں10 قانونی بل منظور کئے ،اس کا زیادہ کریڈٹ اپوزیشن کو جاتا ہے ، بعد میں قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :