کم وسائل والے طبقے کی زندگیوں میں بہتری لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے‘ گورنر پنجاب

جمعہ 29 جنوری 2010 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔29جنوری۔ 2010ء) گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا ہے کہ کم وسائل والے طبقے کی زندگیوں میں بہتری لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے‘ ایس او ایس جیسے فلاحی ادارے حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ یہ بات اُنہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں ایس او ایس انٹرنیشنل کے صدر ہیلمٹ کوٹین کے سربراہی میں آئے ہوئے پانچ رُکنی وفد سے ملاقات میں کہی۔

وفد میں ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایس او ایس انٹر نیشنل سدھارتا کایل‘ کانٹی نینٹل ڈائریکٹر مس شبھا مرتھی‘ ایس او ایس ولیج پاکستان کی صدر مسز ثریا انوراور نیشنل ڈائریکٹر مسز غزالہ رحمان بھی شامل تھیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مستحق اور ناداربچوں کو تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے غیر سر کاری تنظیموں کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ تنظیمیں ملک میں شرح خواندگی کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور اس ضمن میں حکومت کی معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم وسائل والے طبقے کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں مخیّر حضرات بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر سلمان تاثیر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستانی معاشرے میں مخیر حضرات کی تعداد بڑھ رہی ہے جو اپنے وسائل میں سے کچھ حصہ دوسروں کے دُکھ بانٹنے کے لئے مختص کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ کئی نجی تعلیمی ادارے قائم ہیں جو کہ مخیر حضرات کے مالی تعاون سے بھرپور طریقے سے چل رہے ہیں۔ ایسے افراد جو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے بے لوث کام کررہے ہیں وہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کی خوشنودی حاصل کررہے ہیں۔گورنر نے وفد کو بتایا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے خطِ غُربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والی خواتین کو زندگی کے دھارے میں شامل کرنے کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت اب تک 30لاکھ سے زائد خواتین کو ماہانہ وظیفہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے معروف تعلیمی ادارے ایچی سن کالج میں کم وسائل والے ذہین بچوں کے لئے سات سکالر شپ مختص کئے ہیں اور اُنہیں مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :