شاندار خدمات پر چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا

پیر 11 ستمبر 2017 17:04

شاندار خدمات پر چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال کو گولڈ میڈل سے نوازا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) طب کے شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے اور نرسنگ کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اعتراف پر تحریک استحکام پاکستان کونسل کی طرف سے چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال ثمینہ یاسمین کو گولڈ میڈل دیا گیا ہے اور ان کی سروسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے دوسروں کیلئے بھی رول ماڈل قرار دیا گیا ہے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے بھی ثمینہ یاسمین کو تعریفی شیلڈ سے نواز ا گیا تھا ۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ثمینہ یاسمین نے کہا کہ بلا شبہ نرسنگ کا شعبہ دکھی انسانیت کی عملی طور پر خدمت کیلئے گراں قدر خدمات رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

ہماری نرسیں دن رات کسی رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر اپنے فرائض سر انجام دیتی ہیں اور بطور چیف نرسنگ نئی نرسز / طالبات کیلئے ایسی تربیت کا بندوبست کیا گیا ہے، جس سے سرکاری ہسپتالوں کے ماحول کو تبدیل کرنے میں مدد ملی ہے، انہوں نے کہا کہ مریضوں کی دیکھ بھال کے علاوہ ان کی دلجوئی بھی نرسز کے سماجی فرائض میں شامل ہے، خوش اخلاقی کے ذریعے آدھا مرض کم ہو سکتا ہے، انہوں نے ملنے والے گولڈ میڈل کو تمام نرسز کیلئے قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدام سے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، ثمینہ یاسمین نے پنجاب حکومت کی طرف سے نرسوں کی فلاح و بہبو د کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا اور مستقبل میں زیادہ بہتر کارکردگی ظاہر کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔