سوات اور مانسہرہ کے پرامن انتخابات میں سرحدحکومت اور ہرطبقہ نے اہم کردار ادا کیا ، چیف الیکشن کمشنر،فول پروف انتظامات کرنے پر سرحد حکومت مبارکباد کی مستحق ہے ، امید ہے یہ جذبہ مستقبل میں بھی قائم رہے گا

منگل 2 فروری 2010 15:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2فروری۔2010ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ جناب چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان جسٹس(ر) حامد علی مرزا نے سوات اور مانسہرہ میں ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد پر صوبہ سرحد کی حکومت کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کے ہر طبقہ نے امن وامان برقرار رکھنے اور ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

امید ہے کہ یہ جذبہ مستقبل میں بھی برقرار رہے گا۔ جناب چیف الیکشن کمشنر نے سرحد حکومت کی طرف سے سوات اور مانسہرہ میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے بھی برداشت اور ذہنی پختگی کا مظاہرہ کیا ہے اور توقع ہے کہ جمہوریت کیلئے مستقبل میں بھی یہ جذبہ برقرار رہے گا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ جناب چیف الیکشن کمشنر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام سیاسی جماعتوں کا بھی شکریہ اداکیا ہے اور ان کے تعاون کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل ہی پاکستان میں جمہوریت کی کامیابی کا ضامن ہے۔ ملک میں آزادانہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہماری آئینی زمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل تک یہ علاقے شورش زدہ تھے اور حکومت نے عزم وحوصلہ سے یہاں پر پرامن انتخابات کا انعقاد کر دیا ہے۔