بہاولپور میں پولیو سے بچاؤ کی سہ روزہ قومی مہم کا آغاز 18 ستمبر سے ہوگا، ملک محمد اقبال چنڑ

جمعرات 14 ستمبر 2017 14:58

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر کو آپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ بہاولپور میں پولیو سے بچاؤ کی سہ روزہ قومی مہم کا آغاز 18 ستمبر سے ہوگا، اس دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 6لاکھ سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے محفوظ رکھنے کیلئے قطرے پلائے جائیں گے، اس سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،جمعرات کو پولیو انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران ایک بچہ بھی پولیو سے بچاؤ ویکسین سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ چولستان، دریائی علاقے اور دیگر دور دراز علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں وقت سے قبل روانہ کر دی جائیں، انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہیلتھ ٹیموں کو باقاعدہ بریفنگ کے بعد روانہ کیا جائے تاکہ مطلوبہ ہدف بہتر انداز میں حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیو کے خاتمہ کی قومی مہم کے دوران 1401ٹیمیں کام کریں گی جن میں سے 1103 موبائل ٹیمیں، 157 فکسڈ ٹیمیں، بی وی ایچ، ٹی ایچ کیو، آر ایچ سی اور دیگر مراکز میں فعال ہوں گی، اسی طرح 123ٹیمیں بس سٹینڈ، ریلوے سٹیشن، ٹول پلازہ پر اور 18ٹیمیں بازاروں میں والدین کے ہمراہ آئے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی، پولیو کے خاتمہ کی مہم میں 275 ایریا انچارج ، 122 یونین کونسل مانیٹرنگ آفیسر اور 6 تحصیل سپروائزر کام کریں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سہ روزہ مہم کے بعد 21 اور 22 ستمبر کو رہ جانے والے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کے مراکز سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائے جائیں گے،محکمہ صحت کی ٹیم گھر نہ پہنچنے کی صورت میں محکمہ صحت کے ٹال فری نمبر 080012012پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :