رواں موسم کو ڈینگی لاروا کی افزائش کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دے دیا گیا

جمعرات 14 ستمبر 2017 15:14

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) رواں موسم کو ڈینگی لاروا کی افزائش کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے اور تمام محکموں کو فوری انسدادی اقدامات کی سخت ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ ڈینگی کیخلاف انسدادی اقدامات میں معمولی سی بھی کوتاہی کی گنجائش نہیں لہٰذااینٹی ڈینگی ٹیمیں سرویلنس کے عمل میں مزیدتیزی لائیں اور لاروا کو تلاش کرکے اس کا صفایا یقینی بنائیں تاکہ اس کے خطرات سے بچا جاسکے۔

انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنرز،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندہ محمدعدنان،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد کے علاوہ تعلیم،سوشل ویلفیئر،پاپولیشن ویلفیئر،پولیس،لیبر،کوآپریٹو،کالجز،ضلع کونسل،میونسپل کارپوریشن،میونسپل کمیٹیز،واسا،پی ایچ اے،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ودیگر محکموں کے افسران کے علاوہ اینٹامالوجسٹس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں ان ڈور اور آئوٹ ڈور سرویلنس سرگرمیوں کے اعدادوشمار کا جائزہ لیتے ہوئے بعض محکموں کی ناقص کارکردگی پر ناراضی کا اظہار کیا اور وارننگ دی کہ وہ محکمانہ کارکردگی کومعیاری اورفعال بنائیںکیونکہ اس ضمن میں غفلت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اینڈرائڈ موبائل فونز کے ذریعے سرگرمیوں کی رپورٹ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ویب سائٹ پر بلا تاخیر اپ لوڈ ہونی چاہیے تاکہ اعلیٰ حکام ان کی کارکردگی سے آگاہ رہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیز کی میٹنگز ہفتہ میں دوبار منعقد کرکے سامنے آنے والے مسائل اور ان کے حل کیلئے کئے گئے اقدامات کی رپورٹ سے انہیں آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے عوامی آگاہی کیلئے سیمینارز،واکس کے باقاعدگی سے انعقاد کے علاوہ احتیاطی وانسدادی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس کی تقسیم کا عمل جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے اینٹی ڈینگی ٹیموں کی سرویلنس رپورٹ سے آگاہ کیا۔پی آئی ٹی بی کے نمائندہ نے محکموں کی اینڈرائڈ موبائل فونز کے ذریعے سرگرمیوں کی اپ لوڈنگ کی تفصیلات پربریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :