وزیراعظم کاعلامہ اقبال میڈیکل کالج میں خواتین کے ہوسٹل کیلئے 3کروڑ ‘ ملٹی کیفے ٹیریا کیلئے 1کروڑ روپے اور برن سینٹر کی تعمیر جلد ازجلد یقینی بنانے کا اعلان ،صحت اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنا پیپلز پارٹی کی حکومت کی ترجیحات ہیں‘ لاہور کو منشیات سے پاک ماڈل سٹی بنایا جائیگا‘ عوام کو صحت کی تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پبلک پرائیویٹ سیکٹر کو مزید آگے بڑھانا ہو گا‘ علامہ اقبال میڈیکل کالج کے دسویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 6 فروری 2010 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6فروری۔2010ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے علامہ اقبال میڈیکل کالج میں خواتین کے ہوسٹل کیلئے 3کروڑ روپے اور ملٹی کیفے ٹیریا کیلئے 1کروڑ روپے اور برن سینٹر کی تعمیر جلد ازجلد یقینی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پبلک پرائیویٹ سیکٹر کو مزید آگے بڑھانا ہو گا‘ صحت اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنا پیپلز پارٹی کی حکومت کی ترجیحات ہیں‘ لاہور کو منشیات سے پاک ماڈل سٹی بنایا جائے گا‘ حکومت نے رواں سال تعلیم کیلئے 31.5ارب اور صحت کیلئے 23.15ارب روپے مختص کیا ہے اور بہت جلد ہیلتھ پالیسی کا بھی اعلان کیا جا رہا ہے جس کے تحت غریبوں کو خصوصی کارڈز جاری کئے جائیں گے تاکہ وہ صحت کی مفت سہولتیں حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز علامہ اقبال میڈیکل کالج کے دسویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبا زشریف‘ علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل جاوید اکرم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب کے موقع پر وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے گزشتہ چھ سالوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو میڈلز بھی دئیے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت قوم کا مستقبل خوشحال اور سنہری دیکھ رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے کہ اس کو صحت اور تعلیم کی سہولتیں مکمل فراہم کی جائیں اور پیپلز پارٹی کی حکومت میں دونوں شعبے ترجیحات میں شامل ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان میں مریضوں کے مقابلے میں ڈاکٹرز کی تعداد کم ہے جس کو بڑھانے کی ضرورت ہے اور پاکستان میں معیاری تعلیم کا انحصار ٹیچرز پر منحصر ہے اور مجھے امید ہے کہ تمام لوگ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے رواں سال تعلیم کیلئے 31.5ارب اورصحت کیلئے 23.15ارب روپے رکھے گئے ہیں اور بہت جلد ہیلتھ پالیسی کا بھی اعلان کیا جا رہا ہے جس کے تحت شہریوں کو خصوصی کارڈز جاری کئے جائیں گے تاکہ وہ صحت کی بنیادی سہولتیں فری حاصل کر سکیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ہر مریض کو ڈاکٹر زمہیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جناح ہسپتال میں تین کروڑ روپے سے خواتین ہوسٹل بنایا جائے گا اور ہیپاٹائٹس کیلئے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بنانے کیلئے بھی وفاقی وزارت صحت کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ اس سلسلے میں یہاں کا دورہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے لاہور کو ڈرگ فری سٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی تمام سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پرائیویٹ پبلک سیکٹر کو مزید آگے آنا ہو گا تاکہ صحت سب کیلئے مشن کو مکمل کیا جاسکے۔ تقریب سے دیگر نے بھی خطاب کیا۔