ڈینگی کے پھیلائو کا باعث بننے والے افراد کے خلاف بلاتفریق مقدمات درج کرائے جائیں، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

جمعرات 14 ستمبر 2017 21:52

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کے پھیلائو کا باعث بننے والے افراد کے خلاف بلاتفریق مقدمات درج کرائے جائیں، شہریوں میں ڈینگی کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کیلئے سیمینارز اور آگاہی واکس کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضلعی انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی جی میثم عباس، اسسٹنٹ کمشنرز شاہد عباس، محمد سہیل بھی موجود تھے جبکہ سی ای او ہیلتھ نے شرکاء کو انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ماحولیات ڈیپارٹمنٹ، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیاں باقاعدگی سے ٹائر شاپس، سوئمنگ پولز، کباڑ خانوں، فیکٹریوں، پارکس، قبرستانوں کی چیکنگ یقینی بنائیں ، ڈینگی سرویلنس کے لئی244انڈور اور124آئوٹ ڈور ٹیموں کی کارکردگی کو مزید مربوط اور منظم بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے سی ای او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ تمام تعلیمی اداروں میں ڈینگی سے آگاہی کیلئے طلبہ و طالبات کو لیکچر دیے جائیں، محکمہ ہیلتھ سرکاری دفاتر میں تمام سہولیات کی فراہمی کے ساتھ یقینی بنائے کہ پرائیویٹ لیبز ڈینگی ٹیسٹ90روپے میں کریں ۔

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے کہا کہ وہ بھی انسداد ڈینگی کیلئے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں میں معاون بنیں، اپنے گھروں، دفاتر، کاروباری جگہوں پر صفائی کا خیال رکھا جائے، کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور اگر کسی جگہ پانی جمع ہو تو اسے فورا خشک کر دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :