بھارت کے ساتھ مذاکرات کا عمل مثبت سوچ سے شروع کرنا چاہتے ہیں، شاہ محمود قریشی، بھارت میں ایک طبقہ منفی بیان بازی کرتا رہتا ہے جس سے جامع مذاکرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، نجی ٹی وی سے بات چیت

اتوار 7 فروری 2010 15:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 07فروری ۔ 2010ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کو پاکستانی موقف کا تائید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کا عمل مثبت سوچ سے شروع کرنا چاہتے ہیں،بیان بازی اورمیڈیا کے ذریعے مسائل حل نہیں ہو سکتے،افغانستان میں استحکام دنیا کے مفاد میں ہے ۔اتوار کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرئے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پاکستانی موقف کی تائید ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان بھارت کے ساتھ مثبت سوچ سے مذاکرات کا عمل شروع کرناچاہتا ہے لیکن بھارت میں ایک طبقہ منفی بیان بازی کرتا رہتاہے جس سے جامع مذاکرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا پر امن حل چاہتا ہے جس کے لئے پاکستان نے بہت پہلے بھارت کو مذاکرات کی دوبارہ بحالی کی پیش کش کی تھی ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور سب سے زیادہ پاکستان کو اس سے نقصان پہنچا ہے ،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دنیا پاکستانی موقف اور قربانیوں کا عتراف کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام دنیا کے مفاد میں ہے۔