ملک بھر میں 8ہزار افرادسے زائد ایڈز کا شکار پنجاب سرفہرست ،

تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع چنیوٹ چک نمبر127بھٹی والا میں360 میں50مکینوں میں ایڈز کا انکشاف تشویشناک ہے‘خدیجہ فاروقی

جمعہ 15 ستمبر 2017 14:29

ملک بھر میں 8ہزار افرادسے زائد ایڈز کا شکار پنجاب سرفہرست ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے ملک بھر میں ڈیڑھ سال کے عرصہ میں 8ہزار سے زائد ایڈز کا شکار اور پنجاب سرفہرست ہونے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔اپنی تحریک التوائے کار میں انہوںنے کہا کہ قومی اسمبلی میں وزیر صحت نے ایچ آئی وی کے مریضوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایڈز کے مریضوں کی تعداد اعدادو شمار سے زیادہ ہے تحریری رپورٹ کے مطابق 30جون2017تک ایڈز کی8074مریض رجسٹرڈ ہوئے جبکہ پنجاب میں 3870کیسز رجسٹرڈ ہوئے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ہولناک مرض پنجاب میں تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے ۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پنجاب کے ایک چھوٹے ضلع چنیوٹ کے چک نمبر127بھٹی والا میں 360مکینوں میں ایڈز کا انکشاف تشویشناک امر ہے جن میں چھوٹے چھوٹے بچے اور بچیاں بھی اس موذی مرض میں مبتلا پائی گئیں۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت ایڈز جیسے مہلک مرض کی پنجاب میں تیزی سے بڑھنے سے روکے اور علاج معالجہ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے مرض سے بچنے کی روک تھام کیلئے عوام الناس کو آگاہ کرنے کیلئے بھر پور مہم آگاہی چلائی جائے تاکہ پنجاب میں اس مہلک مرض کو بڑھنے سے روکا جاسکے اس ضمن میں محکمہ صحت میں خصوصی شعبہ قائم کیا جائے جو اس مرض کے مبتلا افراد کے علاج معالجہ کیلئے سرکاری ہسپتال میں وارڈز مختص کرے اور انہیں مفت علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔